'احساس کوئی بھوکا نہ سوئے' پروگرام کی دیگر شہروں تک توسیع
وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر حکومت نے موبائل مفت کھانے کے پروگرام کو توسیع دے دی اور اس کا دائرہ مزید 3 شہروں تک پھیلا دیا گیا۔
اس پروگرام کا مقصد غریبوں بالخصوص مزدور طبقے کو دو وقت کا کھانا دینا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھوکا نہ سوئے۔
منصوبے کے مطابق ٹرک کچن کے تصور 'احساس کوئی بھوکا نہ سوئے' کا لاہور، فیصل آباد اور پشاور میں رمضان سے قبل آپریشنز کا آغاز ہوگا۔
پروگرام کے تحت موبائل ٹرک پکے پکائے کھانے کے ساتھ ان علاقوں میں جاکر مفت کھانا تقسیم کریں گے جہاں مزدور مقیم ہوں یا ہسپتال موجود ہو۔
وزیر اعظم نے دیہاڑی دار مزدوروں کو دو وقت کا مفت کھانا فراہم کرنے کے لیے اس پروگرام کا افتتاح 10 مارچ کو کیا تھا اور اس کا دائرہ راولپنڈی اور اسلام آباد تک محدود رکھا گیا تھا۔
حکومت اس منصوبے کو مزید دیگر شہروں تک پھیلانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 'کوئی بھوکا نہ سوئے' پروگرام کا مقصد محنت کشوں کو بہتر کھانا فراہم کرنا ہے، وزیراعظم
پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ 'ابتدائی طور پر جڑواں شہروں میں دو ٹرک غریبوں اور مزدوروں کو مفت کھانا فراہم کر رہے ہیں، ہر ٹرک مخصوص مقامات پر روزانہ ایک ہزار 500 افراد کو کھانا فراہم کرتا ہے'۔
انہوں نے کہا کہ '12 نئے ٹرکوں کے ذریعے دیگر تین شہروں میں توسیع سے پروگرام میں ان لوگوں تک خصوصی طور پر پہنچا جائے گا جنہیں احساس پناہ گاہوں اور احساس لنگرز تک رسائی حاصل نہیں ہے'۔
محکمہ سماجی بہبود کے عہدیدار نے کہا کہ مفت کھانے کی فراہمی سے غریبوں، مستحق اور مزدوروں کو محنت سے کمائے پیسے بچا کر اپنے اہلخانہ کو مناسب کھانا فراہم کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ رواں سال کے آخر تک پروگرام کو مزید شہروں میں توسیع دی جائے گی۔
پبلک ۔ پرائیوٹ پارٹنرشپ سے قائم ہونے والے پروگرام میں ٹرک کچنز کے آپریشنز کی ذمہ داری پاکستان بیت المال کی ہے، جبکہ کھانے کی تقسیم کا معاملہ سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے سپرد ہے۔
یہ خبر 6 اپریل 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔