پاکستان

ملک میں مزید 4 ہزار 723 کورونا کیسز، 84 اموات رپورٹ

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 9.4 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 58 ہزار 500 تک پہنچ چکے ہیں۔

پاکستان میں عالمی وبا کورونا کا پھیلاؤ روز بروز شدت اختیار کرتا جارہا ہے اور حکام خدشہ ظاہر کرچکے ہیں کہ کیسز میں اضافہ یونہی جاری رہا تو صورتحال وبا کی پہلی لہر کے عروج سے زیادہ خراب ہوسکتی ہے۔

کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 4 ہزار 723 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور 84 مریض انتقال کر گئے۔

وائرس کی تشخیص کے لیے 31 مارچ کو مجموعی طور پر 50 ہزار 186 ٹیسٹس کیے گئے جس کے نتیجے میں ملک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 9.4 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 58 ہزار 500 تک پہنچ چکے ہیں۔

ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 6 لاکھ 82 ہزار 888 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 14 ہزار 697 زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 2 ہزار 486 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 6 لاکھ 9 ہزار 691 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے ملک میں وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں جبکہ تیسری لہر کا پھیلاؤ جاری ہے۔

تیسری لہر کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں اس کے علاوہ زیادہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

پاکستان میں آج 3 اپریل کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کے کیسز سے متعلق رپورٹ کچھ یوں ہے:

پنجاب

وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 2 ہزار 403 افراد اس وائرس کا شکار بنے اور 38 انتقال کر گئے۔

پنجاب میں اب تک 2 لاکھ 28 ہزار 356 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور وبا کے باعث مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 523 تک پہنچ گئی ہے۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں وبائی صورتحال نسبتاً بہتر ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 256 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 66 ہزار 173 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 2 مریضوں کا انتقال ہوا، مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 506 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا

صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی بیماری کا پھیلاؤ شدت اختیار کر گیا ہے اور یہاں گزشتہ روز ایک ہزار 7 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 35 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 90 ہزار 262 ہے جبکہ 2 ہزار 417 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں کئی ماہ بعد یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 69 تک جا پہنچی اور 2 مریض دم توڑ گئے۔

صوبے میں اب تک مجموعی طور پر 19 ہزار 679 کیسز اور 211 اموات سامنے آئی ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید796 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 2 مریض اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر 60 ہزار 197 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 574 ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 192 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 5 مریضوں کا انتقال ہوگیا۔

آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 13 ہزار 176 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس میں سے 363 انتقال کر گئے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی مناسبت سے بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے تاہم گزشتہ روز 12 نئے کیسز رپورٹ ہوئے یوں مجموعی کیسز 5 ہزار 45 ہوگئے۔

گلگت بلتستان میں 9 مارچ کے بعد مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 103 پر برقرار ہے۔

ملتان میں سرجری کے بعد متعدد مریض بینائی سے محروم

میوہ شاہ قبرستان میں آسمان سے 2 آہنی اشیا گرنے سے گڑھے پڑگئے

'عدالت میں ثابت کریں گے کہ مقدمہ بے بنیاد ہے'