پاکستان

راولپنڈی میں 100 سالہ قدیم مندر پر حملہ

مندر کی تزئین و آرائش کا کام جاری تھا، ہفتے کے روز شام کو 10 سے 15 افراد نے مندر کے دروازے، سیڑھیوں کو نقصان پہنچایا، حکام
|

راولپنڈی: نامعلوم افراد کے ایک گروپ نے پوران قلعہ میں واقع قدیم مندر پر حملہ کرکے اس کی تزئین و آرائش، سیڑھیوں اور دروازوں کو نقصان پہنچایا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مندر کی تاریخ 100 برس پر محیط ہے جہاں تزئین و آرائش کا کام جاری تھا۔

مزید پڑھیں: مندر کے معاملے کو بعض مذہبی، سیاسی عناصر نے ایشو بنایا، نورالحق قادری

اس سے قبل قبضہ مافیا نے مندر کے چاروں جانب دکانیں بنا کر طویل عرصے سے قبضہ کررکھا تھا۔

پولیس کی مدد سے ضلعی انتظامیہ نے حال ہی میں تمام تجاوزات کو ختم کیا تھا۔

مندر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے بعد تزئین و آرائش کا کام شروع کردیا گیا تھا۔

شمالی زون کے متروکہ وقف املاک بورڈ (ای ٹی پی بی) کے سیکیورٹی افسر سید رضا عباس زیدی نے بننی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرواتے ہوئے کہا کہ مندر کی تعمیر اور تزئین و آرائش کا کام گزشتہ ایک ماہ سے جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سمادھی پر حملہ: حکومت کے تحت ہونے والے جرگے میں ہندو برداری، رہائشیوں کے مابین تصفیہ

انہوں نے کہا کہ مندر کے سامنے کچھ تجاوزات تھیں جنہیں 24 مارچ کو ہٹا دیا گیا تھا۔

سید رضا عباس نے کہا کہ مندر میں مذہبی رسومات کا آغاز نہیں کیا گیا تھا اور نہ ہی کوئی بت یا کوئی دوسری عبادت کی چیز موجود تھی۔

شکایت کنندہ نے بتایا کہ ہفتے کے روز شام تقریبا ساڑھے سات بجے 10 سے 15 افراد نے مندر پر حملہ کیا اور مرکزی دروازے سمیت دیگر دروازوں اور سیڑھیاں کو بھی نقصان پہنچا۔

انہوں نے ان لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا جنہوں نے مندر کو نقصان پہنچایا۔


یہ خبر 29 مارچ 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کراچی ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں کو مصوری کی تربیت دی جانے لگی

جنگلات کی زمین پر قبضے کے الزام میں سابق رکن قومی اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج

شکارپور میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کی ویڈیو وائرل