یومِ پاکستان پریڈ: شہدا اور غازی ہمارا فخر ہیں، ڈاکٹر عارف علوی
یوم پاکستان پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پوری قوم کو یوم پاکستان کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ مذہبی، سیاسی اور ثقافتی آزادی کی تجدید نو کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرار داد پاکستان جو 81 برس قبل 23 مارچ کے دن پیش کی گئی دراصل پہلی جامع دستاویز تھی جس میں واضح طور پر دو قومی نظریے کی بنیاد پر ہندوستان کے مسلمانوں کے مسقتبل کا تعین کیا گیا تھا۔
اسلام آباد کے نواح میں شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں 23 مارچ کی مناسب سے آج ہونے والی 'یوم پاکستان' کی تقریب، جو معطل کردی گئی تھی، سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم نے مشکل حالات میں سفر کا آغاز کیا تھا لیکن آج ہم ہر شعبہ ہائے زندگی میں ترکی کرنے کے ساتھ دفاعی لحاظ میں خود انحصاری حاصل کرچکے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہم ایک مضبوط ایٹمی قوت ہیں۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہماری دلیر اور مضبوط افواج ہماری آزادی کا نشان ہیں اور خودمختاری کی علامت ہیں، ہمارے شہدا اور غازی ہمارا فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنگ ہو یا اندورنی خلفشار، دہشت گردی ہو یا امن و امان کا مسئلہ، حادثات ہو یا قدرتی آفات لیکن ہماری افواج اور قوم نے شانہ بشانہ وطن عزیز کی حفاظت اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام نے نفرت اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کی وہ قابل تحسین اور جس کامیابی اور پیشہ ورانہ مہارت سے رد الفساد کے ذریعے دہشت گردی کے نیٹ ورک کو نیست و نابود کیا آج پوری دنیا اس کی معترف ہے۔
'ہم بہت جلد کورونا وبا پر قابو پا لیں گے'
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دنیا کو کورونا وبا کے مسائل کا سامنا ہے لیکن جس طرح ہم نے محدود وسائل میں قومی آگاہی، نظم و ضبط اور ذمہ داری کے ساتھ عام مزدور کا احساس کرتے ہوئے اس چیلنج کا مقابلہ کیا اور نمازیں قائم رکھیں، بہت سے ترقی یافتہ مملک کے لیے ایک مثال ہے۔
یوم پاکستان پریڈ کے مہمان خصوصی نے اُمید ظاہر کی کہ ہم بہت جلد کورونا وبا پر قابو پا لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے حالات تیزی سے بدل رہے ہیں اور ہمیں اسلامی ورثے، قومی نظریات و روایات کا پاس رکھتے ہوئے ترقی اور جدت کی دوڑ میں اپنی صلاحیت کو بروکار لاتے ہوئے پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی، جمہوری اور فلاحی مملکت کے طور پر منوانا ہے۔