پاکستان

پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 300 سے زائد کیسز رپورٹ

پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ ایک ہزار 774 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ کے پی میں 13 اموات رپوٹ ہوئیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی شرح بدستور 8.6 فیصد ہے اور سب سے زیادہ کیسز پنجاب جبکہ اموات خیبر پختونخوا میں رپورٹ ہوئیں۔

سرکاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3 ہزار 301 نئے کیسز جبکہ 30 اموات رپورٹ ہوئیں اور یوں مسلسل ساتویں روز بھی ملک میں 3 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے تاہم اموات میں گزشتہ روز کے مقابلے میں کمی آئی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد 2 لاکھ، اموات 6 ہزار سے متجاوز

ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 6 لاکھ 37 ہزار 42 تک پہنچ چکی ہے اور ان میں سے 13 ہزار 965 متاثرین انتقال کر گئے۔

کورونا وائرس کے نئے کیسز کے برعکس گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 957 رہی اور اب صحت یاب ہونے والے متاثرین کی مجموعی تعداد بھی بڑھ کر 5 لاکھ 86 ہزار 228 تک پہنچ گئی ہے۔

پاکستان میں اس وقت فعال کیسز کی تعداد 37 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جن میں سے 2 ہزار 564 کی حالت تشویش ناک ہے اور ان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 79 مریضوں کا اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش کے ساتھ ساتھ مختلف پابندیوں اور لاک ڈاؤن کے نفاذ اور ہٹانے کا سلسلہ جاری رہا۔

دریں اثنا اب ملک میں وائرس کی تیسری لہر کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں۔

پاکستان میں آج 24 مارچ کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کے کیسز سے متعلق رپورٹ کچھ یوں ہے:

پنجاب

پنجاب میں اس وقت کورونا کے کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک ہزار 774 متاثرین رپورٹ ہوئے جبکہ 9 اموات بھی ہوئیں۔

پنجاب میں اب تک مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 2 ہزار 743 ہوچکی ہے جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 6 ہزار 48 ہے۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے چاروں صوبوں میں سب سے زیادہ اموات ہوئیں۔

کے پی میں کورونا کے 685 نئے کیسز جبکہ 13 اموات رپورٹ ہوئیں اور کیسز مجموعی تعداد 81 ہزار 204 جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 238 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں 27 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد صوبے میں وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 19 ہزار 374 ہوچکی ہے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے اب تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 203 ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا کیسز میں کمی نظر آرہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 151 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے وائرس سے متعلق جاری بیان کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8 ہزار ٹیسٹ کیے گئے 151 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تاہم کورونا سے کسی مریض کے انتقال کی خبر نہیں ملی۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 482 ہوچکی جبکہ آج مزید ایک ہزار 266 متاثرین صحت یاب ہوئے اور یوں صحت یاب افراد کی تعداد 2 لاکھ 55 ہزار 247 ہوچکی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں اب تک 32 لاکھ 33 ہزار 544 ٹیسٹ کیے گئے اور رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 63 ہزار 663 ہے اور اس وقت 4 ہزار 85 مریض زیر علاج ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 460 کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی تعداد 53 ہزار 136 ہوگئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید 4 ہلاکتیں ہوئیں اور ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 552 ہوچکی ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں بھی کورونا کیسز تشویشناک حد تک بڑھ رہے ہیں اور گزشتہ روز مزید 154 افراد اس سے متاثر ہوئے جبکہ ایک مریض دم توڑ گیا۔

آزاد کشمیر میں کورونا متاثرین کی تعداد 11 ہزار 946 تک جا پہنچی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 339 ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان کی حکومت خطے کو کورونا فری قرار دے چکی تھی تاہم گزشتہ روز وہاں ایک نیا کیس رپورٹ ہوا۔

گلگت بلتستان میں کورونا کے مجموعی طور پر 4 ہزار 975 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ 103 افراد کا وائرس کے باعث انتقال ہوا۔

'این اے 75 میں دو ہیوی ویٹس کی لڑائی ہے اور بھگت رہے ہیں عوام'

متحدہ عرب امارات کے وزیر خزانہ و دبئی کے نائب حکمران شیخ حمدان انتقال کرگئے

شہزادہ ہیری نے امریکی ادارے میں ملازمت اختیار کرلی