دنیا

تائیوان: دو جنگی طیارے 'تصادم' کے بعد سمندر میں گر کر تباہ

جنوب مشرقی علاقے میں تربیتی مشن کے دوران دونوں طیارے سمندر میں گر گئے اور دونوں پائلٹ ہلاک ہوئے، حکام

تائیوان کے دو جنگی طیارے جنوب مشرقی علاقے میں تربیتی مشن کے دوران بظاہر تصادم کے بعد سمندر میں گر کر تباہ ہوگئے اور دونوں پائلٹ بھی ہلاک ہوئے۔

خبر ایجنسی 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے دونوں طیاروں میں ایک، ایک پائلٹ موجود تھا جبکہ 8 ماہ کے وقفے میں فضائیہ کا یہ تیسرا حادثہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تائیوان میں مسافر طیارہ گر کر تباہ، 47 ہلاک

رپورٹ کے مطابق تائیوان کے جنگی طیارے ایک ایسے وقت میں حادثے کا شکار ہوئے ہیں جب چین کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ تائیوان کی مسلح فوج پر چینی طیاروں کو روزانہ کی بنیاد پر نشانہ بنانے کے لیے دباؤ ہے۔

خیال رہے کہ تائیوان کی فضائیہ بہترین تربیت اور طیاروں سے لیس ہے، جس میں اکثر طیارے امریکی ساختہ ہیں جبکہ چین تائیوان کو اپنا حصہ تصور کرتا ہے۔

تائیوان کی نیشنل ریسکیو کمانڈ سینٹر کا کہنا تھا کہ فضائیہ کے دو ایف-5 ای طیارے جنوب مشرقی علاقے میں بظاہر تصادم کے بعد سمندر میں گر گئے جن میں ایک، ایک پائلٹ سوار تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں جنگی طیاروں کے درمیان تربیتی مشن کے دوران تصادم ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ فضائیہ کا ہیلی کاپٹر، کوسٹ گارڈ اور دوسرے امدادی جہازوں نے پائلٹس کی تلاش شروع کردی ہے۔

مزید پڑھیں: تائیوان: طیارہ انجن فیل ہونے سے تباہ ہوا

تائیوان کی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے امدادی کام جاری ہے تاہم مزید تفصیل جاری نہیں کی۔

سرکاری سینٹرل نیوز ایجنسی کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ فضائیہ نے ایف-5 فلیٹ کو گراؤنڈ کردیا تھا جو چیہانگ ایئربیس سے آپریٹ ہوتے تھے اور یہ طیاروں کا مرکزی بیس ہے۔

رپورٹ کے مطابق تائیوان کی فضائیہ میں ایف-5 کی شمولیت 1970 کے اواخر میں ہوئی تھی اور اکثر طیاروں کو صف اول کی سرگرمیوں سے ہٹا دیا گیا تھا، تاہم چند طیارے اس وقت بھی تربیتی مقاصد اور مین فلیٹ کے متبادل کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں تائیوان میں ایف-5 طیارے کو حادثہ پیش آیا تھا اور ایک پائلٹ ہلاک ہوا تھا اور چند روز بعد تائیوان کے مشرقی علاقے میں جدید ایف-16 گر کر تباہ ہوا تھا۔

جنوری 2020 میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں تائیوان کی فوج کے اعلیٰ عہدیداروں سمیت 8 افراد ہلاک ہوئے تھے جو دارالحکومت تائی پے کے قریب پہاڑی علاقے کے دورے پر تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک

تائیوان میں پیش آنے والے ان حادثات کے بعد تربیت اور جنگی طیاروں کی دیکھ بھال کے حوالے سے تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ تائیوان میں چینی طیاروں کی مسلسل پروازوں کا دباؤ ہے۔

وزارت دفاع متعدد بار خبردار کرچکی ہے کہ چینی طیاروں اور ڈرونز تائیوان کے ڈیفنس زون میں مسلسل پرواز کر رہے ہیں۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کیلئے نشان امتیاز ملٹری

نیب جرات دکھائے اور مریم نواز کی پیشی کے وقت کارکنان کو نہ روکے، رانا ثنااللہ

ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی کی والدہ انتقال کر گئیں