کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے 12 ممالک سے مسافروں کی پاکستان آمد پر پابندی
راولپنڈی: پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی روک تھام کی کوشش میں سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے اے، بی اور سی کیٹیگری میں شامل ممالک کی نئی فہرست جاری کردی۔
یہ اقدام وائرس کی جنوبی افریقی اور برازیلی قسم سامنے آنے کے بعد کیا گیا اور 12 ممالک سے مسافروں کی آمد پر مکمل پابندی عائد کردی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کیٹیگری سی میں شامل 12 ممالک سے مسافروں کی آمد پر پابندی 23 مارچ سے 5 اپریل تک جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا سعودی عرب کیلئے پروازیں بحال کرنے کا اعلان
اس ضمن میں ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے سی اے اے نے کہا کہ 'این سی او سی نے آگاہ کیا کہ کیٹیگری سی میں شامل ممالک سے پاکستان آمد پر مکمل پابندی ہوگی جس میں پاکستانی پاسپورٹ، نائیکوپ اور پی او سی رکھنے والے افراد بھی شامل ہوں گے جو اس سے قبل اس پابندی سے مستثنیٰ تھے۔
اعلامیے کے مطابق یہ عارضی اقدام پاکستان میں کووِڈ 19 کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے سلسلے کے طور پر اٹھایا گیا۔
اس حوالے سے ایوی ایشن ڈویژن کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سول ایوی ایشن نے ملک میں آنے والے ممالک کے لیے اپنی کیٹگیری سی اپڈیٹ کی ہے اور برطانیہ کو اس سے نکال کر کیٹیگری بی میں شامل کردیا ہے۔
سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ اینڈ اکنامک ریگولیشنز عرفان صابر نے ممالک کی نظرِ ثانی شدہ فہرست جاری کی۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس: سعودی عرب نے پاکستان سمیت 20 ممالک سے مسافروں کی آمد پر پابندی لگادی
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ 29 جنوری کو کیٹیگری سی میں شامل ممالک سے مسافروں کی پاکستان آمد پر پابندی 5 اپریل تک جاری رہے گی۔
سی اے اے کا مزید کہنا تھا کہ کیٹیگری اے میں شامل ممالک کے بین الاقوامی مسافروں کے پاکستان میں داخل ہونے سے قبل کووِڈ 19 کا پی سی آر (پولیمرس چین ری ایکشن) ٹیسٹ درکار نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ کیٹیگری اے میں آسٹریلیا، بھوٹان، چین، جاپان، کازغستان، لاؤس، منگولیا، ماریٹانیا، مراکش، میانمار، نیپال، نیوزی لینڈ، سعودی عرب، سنگاپور، جنوبی کوریا، سری لنکا، تاجکستان، ترنیڈیڈ اینڈ ٹوباگو اور ویتنام شامل ہیں۔
دوسری جانب بوٹسوانا، برازیل، کولمبیا، گھانا، کومروس، کینیا، موزمبیق، پیرو، روانڈا، جنوبی افریقہ، تنزانیہ اور زمبیا کو کیٹیگری سی میں شامل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ سے آنے والی پی آئی اے کی خصوصی پرواز سے صرف ایک مسافر کی واپسی
تاہم کیٹیگری اے میں شامل ممالک سے آنے والے مسافروں کو پرواز سے قبل کووِڈ 19 کا ٹیسٹ دکھانا ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وہ تمام ممالک جو اے اور سی کیٹیگری میں شامل نہیں وہ کیٹیگری بی کا حصہ ہیں۔
چنانچہ کیٹیگری سی والے ممالک سے پاکستان میں بین الاقوامی سفر پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور صرف نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی ہدایات کے مطابق ہی اس کی اجازت دی جائے گی۔
یہ خبر 21 مارچ 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔