گوگل کروم میں رئیل ٹائم کیپشنز کا فیچر ڈیسک ٹاپ صارفین کو دستیاب
گوگل نے اپنے کروم ویب براؤزر میں ایک اہم فیچر لائیو کیپشنز متعارف کرادیا ہے۔
گوگل کی جانب سے کروم کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں لائیو کیپشنز کی آزمائش مئی 2020 سے کی جارہی تھی اور اب تمام صارفین اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
بس کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ پر کروم کا ورژن 89 انسٹال ہونا ضروری ہوگا جس کے بعد وہ رئیل ٹائم کیپشن کی سہولت سے مستفید ہوسکیں گے۔
اس فیچر کے لیے کروم کی سیٹنگز میں جاکر وہاں Accessibility کو سرچ کریں اور وہاں لائیو کیپشنز کو ان ایبل کردیں۔
لائیو کیپشنز ان ایبل کرنے پر صارفین اپنے براؤزر پر کسی آڈیو اور ویڈیو کو پلے کر پر انگلش سب ٹائٹلز دیکھ سکیں گے۔
خیال رہے کہ گوگل کی جانب سے لائیو کیپشن کا فیچر 2019 میں اینڈرائیڈ فونز کے لیے متعارف کرایا گیا تھا جو آغاز میں پکسل 4 کو دستیاب تھا۔
بعد ازاں اسے دیگر فونز جیسے گلیکسی ایس 20 اور ون پلس 8 میں پیش کیا گیا، جو فون کالز کی بجائے میڈیا فائلز پر کام کرتا تھا۔
گوگل کروم پر یہ فیچر یوٹیوب اور فیس بک پر ان ویڈیوز پر بھی کام کرتا ہے جن کو میوٹ کیا گیا ہو۔
تاہم فی الحال یہ فیچر صرف انگلش زبان والی آڈیو کے لیے دستیاب ہے اور دیگر زبانوں کو شناخت نہیں کرسکتا۔
مگر امید ہے کہ مستقبل قریب میں دیگر زبانوں کو بھی اس کا حصہ بنایا جائے گا۔
اس فیچر کے تحت کیپشنز اسکرین کے نیچے نظر آتے ہیں جن کو صارف بڑا کرسکتا ہے یا ضرورت نہ ہونے پر کلوز کرسکتا ہے۔