خواتین کا عالمی دن: 'خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے جدوجہد جاری رکھنا ہوگی'
ہر سال 8 مارچ کے دن دنیا بھر سمیت پاکستان میں خواتین کا عالمی دن منایا جاتا ہے جس کا مقصد خواتین کے حقوق سے متعلق آگاہی پھیلانا ہے اور ان کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔
خواتین کے عالمی دن پر ہر سال دنیا کے تقریباً تمام ممالک میں مختلف تقریبات، سیمینارز اور مظاہروں کا انعقاد کیا جاتا ہے اور ان کے حقوق کو اجاگر کرنے کے ساتھ خدمات کا اعتراف بھی کیا جاتا ہے۔
خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پاکستانی سیاستدانوں اور حکمران جماعت سے وابستہ شخصیات نے خصوصی پیغامات جاری کیے۔
وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے خواتین کے عالمی دن پر جاری پیغام میں کہا کہ خواتین کے حقوق کے لیے ہمیں نہ صرف قوانین کے ذریعے بلکہ مائنڈ سیٹ تبدیل کرتے ہوئے جدوجہد کرنی ہے۔
شیریں مزاری نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان میں صنفی بنیاد پر تشدد، وراثت کے حقوق کے تحفظ اور ملازمت کی جگہ پر ہراسانی سے متعلق قوانین موجود ہیں لیکن ہمیں ہراسانی، بدسلوکی اور امتیازی سلوک کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھنا ہوگی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ہمارا چیلنج ہے اور خواتین کو امتیازی سلوک اور بدسلوکی کے خلاف جنگ میں آگے آنا ہوگا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ بااختیار خواتین کے بغیر معاشرہ غیرفعال ہوجاتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ میں ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھتی ہوں جہاں خواتین ہر شعبے میں مہارت حاصل کریں اور نمایاں کردار ادا کریں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمٰن نے ٹوئٹ میں کہا کہ 'کبھی سوچا ہے ملک کی مجموعی آبادی کا 49 فیصد حصہ ہونے کے باوجود بھی خواتین بنیادی حقوق کی جدوجہد کر رہی ہیں!
انہوں نے لکھا کہ ہم نے ہی مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بنا کر دنیا کو پیغام دیا کہ خواتین کی ملک کی ترقی میں اتنی ہی شراکت داری ہے جتنی مردوں کی۔
شیری رحمٰن نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ خواتین کے خلاف تعصب اب ختم کریں۔
قومی اسمبلی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری خصوصی ٹوئٹ میں کہا گیا کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان کی قومی اسمبلی تمام پاکستانی خواتین کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے زندگی کے مختلف شعبوں میں لاتعداد مشکلات کا مقابلہ کرتے ہوئے ہمت، لگن اور قابلیت کا لوہا منوایا اور پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کیا۔
وزیراعظم آفس کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے وزیراعظم عمران خان کا پیغام جاری کیا گیا۔
ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ہم خواتین کو قوم کی ترقی میں درست کردار ادا کرنے کے لیے انہیں ایک محفوظ اور بہتر ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے خواتین کے عالمی دن پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پیغام بھی جاری کیا گیا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی خواتین نے قومی وقار اور عظمت کو بڑھانے میں بے پناہ کردار ادا کیا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ وہ کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر بھی موجود ہیں، یونیفارم میں ملبوس خواتین نے مختلف شعبوں میں قوم اور انسانیت کی خدمت کرکے اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے اور وہ عزت و تکریم کی حقدار ہیں۔
وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے خواتین کے عالمی دن پر جاری خصوصی پیغام میں کہا کہ معاشرے کو مہذب اور روشن خیال بنانے کے لیے خواتین کو بااختیار بنانا لازم ہے۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ خواتین کو ترقی کے مساوی مواقع اور حقوق کی یقینی فراہمی سے معاشرے میں طاقتور اور محفوظ بنانا ہمارا پختہ عزم ہے۔
شبلی فراز نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ خواتین کے جائیداد کے حقوق ایکٹ کے نفاذ سے ان کے وراثتی حقوق یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن معاشرے میں خواتین کے بلند مقام اور مختلف شعبہ جات میں ان کی قابل ستائش خدمات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ دینِ اسلام نے خواتین کو بے مثال حقوق دیے ہیں، آئین پاکستان خواتین کے حقوق کا ضامن ہے اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں خواتین نے روشن کردار ادا کیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و مراعات اسد عمر نے خواتین کے عالمی دن پر جاری پیغام میں کہا کہ پاکستانی خواتین نے بارہا یہ ثابت کیا ہے کہ مساوی مواقع دیے جائیں تو وہ ملک کی ترقی میں کردار ادا کرسکتی ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ آئیں اس بات کو یقینی بنائیں کہ پاکستان میں ہر خاتون کو بہترین بننے کا موقع حاصل ہو۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید نے ٹوئٹ کی کہ بے لوث خدمت کے جذبے میں کبھی بھی مرد، عورت کے برابر نہیں ہوسکتا جو قدرت نے عورت کو عطا کیا، تمام خواتین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔