پاکستان

ویڈیو کا معاملہ: الیکشن کمیشن میں علی حیدر گیلانی کےخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

الیکشن کمیشن کا 5 رکنی بینچ 11 مارچ کو پی ٹی آئی رہنماؤں فرخ حبیب اور کنول شوذب کی درخواست پر سماعت کرے گا۔
|

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ویڈیو کے معاملے میں یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی۔

الیکشن کمیشن کا 5 رکنی بینچ 11 مارچ کو درخواست پر سماعت کرے گا۔

درخواست پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے فرخ حبیب اور کنول شوذب کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: ویڈیو میں پیسوں کی کوئی بات نہیں کی، علی حیدر گیلانی

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی پر سینیٹ انتخابات میں کرپٹ پریکٹسز اور خواتین اراکین کو پیسے دینے کے الزام کے معاملے کی درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کرلی۔

الیکشن کمیشن اس درخواست پر بھی 11 مارچ کو سماعت کرے گا۔

یہ درخواست پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے جنرل سیکریٹری نئیر بخاری نے دائر کی تھی۔

واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات سے ایک روز قبل 2 مارچ کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اسلام آباد سے جنرل نشست پر امیدوار یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی مبینہ ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔

اس ویڈیو میں وہ مبینہ طور پر پی ٹی آئی کے ایک رکن قومی اسمبلی کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں۔

تاہم ویڈیو میں موجود افراد کی شناخت واضح نہیں ہوسکی۔

ویڈیو میں علی حیدر گیلانی دوسرے شخص کو بیلٹ پیپر پر دو جگہ نشان لگانے کا طریقہ بتاتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ نمبرز یاد رکھنے ہیں۔

یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد حکمراں جماعت تحریک انصاف کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بیٹے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد یوسف گیلانی کو نااہل کیا جانا چاہیے، شہباز گل

علی حیدر گیلانی نے اپنی ویڈیو سے متعلق کہا کہ اراکین قومی اسمبلی سے پیسوں کی کوئی بات نہیں کی اور ان سے کئی بار مل چکا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، میرا ضمیر مطمئن ہے، ووٹ مانگنا میرا حق ہے اور ایک بار نہیں سو بار ووٹ مانگوں گا، ہم ضمیر کا ووٹ مانگتے ہیں اور کبھی ووٹوں کی خرید و فروخت میں حصہ نہیں ڈالا۔'

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی میرٹ پر تحقیقات کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پی سی بی کی ناکامی کی وجہ سے پی ایس ایل ملتوی ہوئی، نجم سیٹھی

ایران: پاسداران انقلاب کا طیارہ ہائی جیک کرنے کا منصوبہ ناکام بنانے کا دعویٰ

بھارت: ممبئی کی 'کراچی بیکری' کو مالکان نے کیوں بند کردیا؟