پاکستان

پاکستان کا بلیسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ

بلیسٹک میزائل غزنوی 290 کلو میٹر تک جنگی سازو سامان لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے، آئی ایس پی آر
|

پاکستان نے 290 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے والے بلیسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 'پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بلیسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کیا جو 290 کلومیٹر تک جوہری اور روایتی جنگی سامان لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے'۔

بیان میں کہا گیا کہ 'میزائل کا تجربہ آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کی سالانہ فیلڈ تربیتی مشقوں کے اختتام کے موقع پر کیا گیا'۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا 'شاہین تھری' بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

آئی ایس پی آر نے کہا کہ 'اس موقع پر کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ لیفٹننٹ جنرل محمد علی، اسٹریٹجک پلانزڈویژن کے سینئر افسرا، سائنس دان اور ادارے کے انجینئرز بھی موجود تھے'۔

بیان کے مطابق 'کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ نے آپریشنل تیاریوں اور اسلحے کے استعمال کے بہترین معیاری نظام کے مظاہرے کی تعریف کی'۔

انہوں نے'تربیتی مشقوں کے دوران شریک جوانوں کی تربیت کے معیار پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا'۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 'صدر، وزیراعظم پاکستان، سروسز چیفس نے آرمی اسٹریٹجک کمانڈ کے تمام عہدیداروں، سائنس دانوں اور انجینئروں کو کامیاب تجربے پر مبارک باد دی'۔

خیال رہے کہ پاکستان نے گزشتہ ماہ 'شاہین 3' بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا مقامی طور پر تیار کردہ جدید راکٹ سسٹم کا کامیاب تجربہ

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ زمین سے زمین تک 2 ہزار 750 کلومیٹر رینج کے حامل شاہین تھری میزائل کا تجربہ ویپن سسٹم کے ٹیکنیکل پیرامیٹرز جانچنے کے لیے کیا گیا۔

اس سے قبل 7 جنوری کو پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح ون گائڈڈ ملٹی لانچ راکٹ سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے کی گئی ٹوئٹس میں بتایا گیا کہ پاکستان نے مقامی سطح پر تیار کردہ ’فتح-ون‘ گائڈڈ ملٹی لانچ راکٹ سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

یہ سسٹم 140 کلومیٹر کے فاصلے تک روایتی جنگی ہتھیار (وار ہیڈ) لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

30 دسمبر کو پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس (پی اے سی) نے مقامی طور پر تیار کردہ اسٹیٹ آف دی آرٹ 14 جدید فورتھ جنریشن جے ایف 17 تھنڈر بلاک 3 ڈووَل کیریئر لڑاکا طیارے باضابطہ طور پر پاک فضائیہ کے حوالے کردیے تھے جو طویل رینج، اعلیٰ ترین ریڈار سسٹم اور ایڈوانس فائرنگ کی صلاحیت سے لیس ہیں۔

اسی روز پاک بحریہ کی ایئر ڈیفنس یونٹس نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کی فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا بیلسٹک میزائل 'غزنوی' کا کامیاب تجربہ

ترجمان پاک بحریہ نے بتایا تھا کہ میزائلز فائرنگ کا شاندار مظاہرہ پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں اور حربی تیاریوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس سے قبل پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب اور مکران کی ساحلی بندرگاہ پر جنگی بحری جہاز، فضا سے اور آبدوز سے میزائلز فائر کرنے کے کامیاب مظاہرے کیے تھے۔

پاکستان کا دوسرے ٹیسٹ کیلئے 17 رکنی اسکواڈ برقرار رکھنے کا اعلان

تکذیبِ نکاح کیس: میرا نے ثبوت عدالت میں پیش کردیے

ہواوے کے نئے فولڈ ایبل فون میٹ ایکس 2 کی تاریخ رونمائی سامنے آگئی