پاکستان

تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس جیتے گی، وزیراعظم

ہم نے کسی بھی ممنوعہ ملک سے کوئی فنڈنگ وصول نہیں کی، اپوزیشن خود اسی گڑھے میں گرگئی جو اس نے ہمارے لیے کھودا تھا، عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس میں کچھ نہیں ملے گا کیونکہ حکمران جماعت کا صاف بیک گراؤنڈ ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ترجمانوں سے ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’اپوزیشن خود اس گڑھے میں گرگئی ہے جو اس نے ہمارے لیے کھودا تھا‘۔

مذکورہ اجلاس میں شریک ایک عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کافی پراعتماد تھے کہ ان کی جماعت فارن فنڈنگ کیس جیتے گی کیونکہ پی ٹی آئی نے بیرون ملک اپنے حامیوں اور اراکین سے فنڈز وصول کرنے سے متعلق کچھ نہیں چھپایا۔

اپوزیشن کے اس الزام کے پی ٹی آئی کو اسرائیل اور بھارت سے فنڈز وصول ہوئے اور اس نے اسے نواز شریف کی سابقہ حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے استعمال کیا کے الزام کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’ہم نے کسی بھی ممنوعہ ممالک، بھارت اور اسرائیل سے کوئی فنڈنگ وصول نہیں کی‘۔

اس موقع پر انہوں نے ترجمانوں کو ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے سنے جارہے فارن فنڈن کیس کے معاملے پر تمام فورم بالخصوص میڈیا میں اپوزیشن رہنماؤں کا بھرپور مقابلہ کریں۔

مزید پڑھیں: فارن فنڈنگ کیس سے خوف ہوتا تو اوپن سماعت کا نہیں کہتا، وزیر اعظم

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے اپوزیشن نے الیکشن کمیشن کے ہیڈکوارٹرز کے باہر احتجاج کیا تھا اور 2014 سے زیر التوا پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس پر فیصلے کا مطالبہ کیا تھا۔

دوران اجلاس ایک اور اہم معاملے براڈشیٹ پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’حکومت اچھے طریقے سے براڈشیٹ کیس کی تحقیقات کرے گی اور جس نے بھی اس معاملے میں کسی قسم کا فائدہ اٹھایا ہوا تو اسے بے نقاب کیا جائے گا‘۔

واضح رہے کہ برطانیہ سے تعلق رکھنے والی اثاثہ جات ریکوری کمپنی نے حال ہی میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے خلاف مقدمہ جیتا ہے جس کے بعد حکومت نے کمپنی کو 2 کروڑ 80 لاکھ ڈالر دعوے کی رقم ادا کی ہے۔

علاوہ ازیں لاہور میں انسداد تجاوزات کے حالیہ آپریشن جس میں مسلم لیگ (ن) کی رہائش گاہ بھی مسمار کی گئی سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ ’اپوزیشن قبضہ مافیا کی حمایت کر رہی ہے‘۔

مزید برآں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن نے کبھی بھی جمہوریت یا ملک کی ترقی میں دلچسپی نہیں لی کیونکہ اسے صرف اقتدار کی خواہش تھی۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں اچھے طریقے سے جانتی ہیں کہ وزیراعظم عمران خان واضح سیاسی شخصیت ہے جو کرپشن سے متعلق کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

مزید یہ کہ وزیر اطلاعات کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے اپنے دور میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی اور ایک دوسرے کے خلاف مقدمات درج کیے۔

سفارتخانوں کی کارکردگی

دریں اثنا وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنے اور سفارتخانوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے تمام سفارتخانوں اور سفرا کے لیے کارکردگی سے متعلق ایک فریم ورک تیار کیا گیا ہے۔

اس فریم ورک کے تحت حکومت نے بیرون ملک سفارتخانوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے جاری ایک سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ عمل متعلقہ سفرا کی قومی اور بین الاقوامی معاملات پر کارکردگی کا جائزہ لینے میں مدد کرے گا اور ہر سفیر کی رپورٹ 20 روز بعد وزیراعظم کو بھیجی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: فارن فنڈنگ کیس کا مرکزی ملزم عمران خان ہے، مولانا فضل الرحمٰن

ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ ’فریم ورک کے تحت کام نہ کرنے والے سفرا کو وزیراعظم کی منظوری کے بعد تبدیل کردیا جائے گا‘۔

اس میں کہا گیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات دور کرنے، افغان امن عمل میں ملک کے مثبت کردار کو اجاگر کرنے، بین الاقوامی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی کے لیے سہولت فراہم کرنے اور مسئلہ کشمیر وہ اہم شعبے ہیں، جن میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔

اعلامیے کے مطابق ’ان (شعبوں) کو متعلقہ سفرا کی کارکردگی کے جائزے سے بہتر کیا جاسکتا ہے‘۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سفارتخانوں یا سفرا کی کاکردگی کو دیکھنے کے لیے اس طرح کا کوئی طریقہ کار نہیں تھا۔

بحیرہ جنوبی میں امریکی فوج کی موجودگی امن کیلئے ٹھیک نہیں، چین

جسمانی وزن میں تیزی سے کمی لانے میں مددگار ٹپس

اپوزیشن جو مرضی کرلے اسے 31 جنوری کو استعفیٰ نہیں ٹھینگا ملے گا، شیخ رشید