پاکستان

تعمیراتی شعبے کیلئے ٹیکس ایمنسٹی میں توسیع کردی گئی

تعمیراتی شعبے کے لیے ٹیکس ایمنسٹی کی مدت جون 2021 تک بڑھادی گئی ہے، انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس
|

حکومت نے انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس 2021 جاری کردیا جس کے تحت تعمیراتی شعبے کے لیے ٹیکس ایمنسٹی کی مدت میں چھ ماہ یعنی جون 2021 تک توسیع کردی گئی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے جاری انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس 2021 میں کہا گیا ہے کہ تعمیراتی شعبے کے لیے ٹیکس ایمنسٹی کی مدت میں 6 ماہ کی توسیع دے دی گئی ہے اور ٹیکس ایمنسٹی کی مدت جون 2021 تک بڑھادی گئی ہے۔

آرڈیننس میں کہا گیا ہے کہ پیکج میں آنے والے منصوبوں کی تکمیل کی مدت میں بھی ایک سال کی توسیع کردی گئی ہے اور ان کی تکمیل کی مدت بڑھا کر 31 دسمبر 2021 کردی گئی ہے۔

صدارتی آرڈیننس کے مطابق ان منصوبوں میں جائیداد خریدنے والوں سے 31 مارچ 2023 تک ذرائع آمدن نہیں پوچھے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا تعمیرات کے شعبے کے لیے پیکج کا اعلان

واضح رہے کہ 31 دسمبر 2020 کو وزیر اعظم عمران خان نے تعمیرات کے شعبے کے لیے پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں تعمیرات کی صنعت کو نئے سال کی خوشخبری دینا چاہتا ہوں کہ فکس ٹیکس کی مدت میں 31 دسمبر 2021 تک توسیع کردی ہے اور اب آپ کے پاس ایک سال اضافی آگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے آمدن کے ذرائع بتانے کے حوالے سے استثنیٰ کی مدت میں بھی 30 جون 2021 تک توسیع کردی ہے جبکہ جن منصوبوں کو 30 ستمبر 2023 تک مکمل ہونا تھا اس میں بھی ایک سال کی توسیع کردی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ خریدار کو جائیداد خریدتے وقت جو اپنی آمدن کے بارے میں بتانا ہوتا تھا، ہم نے اس کو بھی استثنیٰ دیتے ہوئے 31 مارچ 2023 تک توسیع دے دی ہے۔

مزید پڑھیں: تعمیراتی صنعت کو ریلیف سے اصل فائدہ کس کو ہوگا؟

ان کا کہنا تھا کہ جب ہم نے تعمیرات کی صنعت کے لیے پیکج کا اعلان کیا تو کورونا کی وجہ سے وہ اس سے صحیح سے مستفید نہیں ہو سکے لہٰذا انہوں نے اس میں توسیع کا مطالبہ کیا تھا۔

سینیٹ انتخابات سے متعلق عدالتی فیصلے کا احترام کریں گے، وزیر اعظم

’جیمز بانڈ‘ کی 25 ویں فلم کی ریلیز اکتوبر 2021 تک ملتوی

اسٹیٹ بینک کا شرح سود 7 فیصد برقرار رکھنے کا اعلان