پاکستان

اپوزیشن میں ہمت ہے تو پنڈی کی طرف آئے، وزیر داخلہ

عوام نے احتساب کے لیے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا ہے، چوروں اور ڈاکوؤں سے مفاہمت کے بجائے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا، شیخ رشید

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ لوگوں نے احتساب کے نام پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ووٹ دیا ہے لہٰذا ان چوروں اور ڈاکوؤں سے مفاہمت کے بجائے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

ساتھ ہی انہوں نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اگر اپوزیشن میں ہمت ہے تو یہ پنڈی کی طرف آئے۔

سرکاری خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) نے رپورٹ کیا کہ وزیر داخلہ نے فریڈم ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کی معیشت اور سیاست کو ٹھیک کریں گے اور اس وطن کو آگے لے کر جائیں گے۔

مزید پڑھیں: ریاست سے لڑائی کے نتائج بہت سنگین ہوں گے، شیخ رشید

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا عوام نے احتساب کے لیے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا لہذا چوروں اور ڈاکوؤں سے مفاہمت کے بجائے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے مسلم لیگ (ن) کو اس حال تک پہنچایا ہے، اگر وہ دور اندیشی اپناتیں تو یہ حال نہ ہوتا۔

اپنی سیاسی گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا پنجاب میں عمل دخل نہیں ہے جبکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی تحریک دم توڑ رہی ہے، میں نے پہلے ہی کہا تھا یہ نہ استعفیٰ دیں گے نہ الیکشن کا بائیکاٹ کریں گے بلکہ یہ سینیٹ اور ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہ جو 31 دسمبر کی تاریخ دیتے تھے، یہ سال کونسا تھا یہ کسی کو معلوم نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سارا پاکستان فوج کے ساتھ ہے، بھارت اپنے ایجنٹوں اور سرمائے کے ذریعے پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے تاہم پاکستان کے خلاف سازشیں ناکام ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن کیلئے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرنا چاہتے، شیخ رشید

وزیر داخلہ کے مطابق پاک فوج دنیا کی عظیم فوج ہے، فوج نے بہت قربانیاں دی ہیں لیکن فوج چوروں اور ڈاکوؤں کے لیے جان نہیں دے رہی۔

ساتھ ہی انہوں نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اگر اپوزیشن میں ہمت ہے تو یہ پنڈی کی طرف آئے۔

سانحہ مچھ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علما اور مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) نے بہت تدبر کا ثبوت دیا تاہم اپوزیشن نے اس دھرنے کو غلط استعمال کرنے کی کوشش کی لیکن ہزارہ برادری نے دور اندیشی کا ثبوت دیتے ہوئے ملک کو مسائل سے بچایا۔

سام سنگ کے اس انوکھے ٹی وی میں بیک وقت 4 پروگرام دیکھنا ممکن

پاکستان میں بجلی کا بریک ڈاؤن: سوشل میڈیا پر مزاحیہ تبصرے، مارشل لا کی افواہیں

وفاقی حکومت کا ٹیکسٹائل کے شعبے کیلئے 'جامع منصوبہ'