پاکستان کی برآمدات بھارت اور بنگلہ دیش سے زیادہ رہنے پر وزیر اعظم کی مبارکباد
وزیر اعظم عمران خان نے نومبر اور دسمبر 2020 میں برآمدات میں اضافے پر برآمد کنندگان اور وزارت تجارت کو مبارک باد دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ 'علاقائی برآمدی رجحانات (ایکسپورٹ ٹرینڈز) سے ظاہر ہوتا ہے کہ نومبر اور دسمبر 2020 میں بھارت اور بنگلہ دیش کی برآمدی نمو ہمارے مقابلے میں منفی رہیں'۔
انہوں نے کہا کہ اس کامیابی پر میں ایک مرتبہ پھر برآمد کنندگان اور وزارت تجارت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیر اعظم نے ٹوئٹ میں نومبر اور دسمبر 2020 میں پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش کی برآمدات کے تقابلی اعداد و شمار بھی شیئر کیے۔
یہ بھی پڑھیں: دسمبر میں برآمدات میں 18.3 فیصد اضافہ
نومبر 2020 میں پاکستانی برآمدات میں 8.32 فیصد اور دسمبر میں 18.30 فیصد کا اضافہ ہوا، بھارتی برآمدات کے حجم میں نومبر میں 9.07 فیصد اور دسمبر میں 0.80 فیصد جبکہ بنگلہ دیش کی برآمدات میں نومبر میں 0.76 فیصد اور دسمبر میں 6.11 فیصد کی کمی ہوئی۔
واضح رہے کہ ماہ دسمبر میں پاکستان کی برآمدات میں مسلسل چوتھے ماہ اضافہ دیکھنے میں آیا اور یہ 18.3 فیصد اضافے سے 2.357 ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھیں۔
گزشتہ سال کے اسی ماہ میں پاکستان نے 1.993 ارب ڈالر کی برآمدات کی تھیں۔
وزارت تجارت کے اعداد و شمار کے مطابق دسمبر میں برآمدات میں نومبر 2020 کی 2.174 ارب ڈالر برآمدات کے مقابلے میں 8.4 فیصد اضافہ ہوا۔
مجموعی برآمدات میں اضافے کی بنیادی وجہ ٹیکسٹائل اور کپڑوں کے شعبوں اور انجینیئرنگ مصنوعات، سرجیکل آلات اور جمڑے کی مصنوعات کی برآمدات میں دوہرے ہندسے کا اضافہ ہے۔
مزید پڑھیں: برآمدات 7.67 فیصد بڑھ کر 2 ارب 16 کروڑ ڈالر سے زائد
خیال رہے کہ رواں مالی سال کے آغاز میں برآمدات مثبت سمت میں دکھائی دی تاہم اگست میں اس میں 19 فیصد کی بڑی کمی آئی، لیکن ستمبر، اکتوبر اور نومبر میں برآمدات میں ایک بار پھر اضافہ ہوا۔
ٹیکسٹائل اور غیر ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کے فروغ کے لیے حکومت، خام مال کی درآمد میں ڈیوٹیز میں ٹیکسز میں بڑی کمی کے علاوہ نقد سبسڈیز بھی فراہم کر رہی ہے۔