دنیا

مصر: ہسپتال میں آتشزدگی سے 7 کورونا مریض جاں بحق

ابتدائی تحقیقات میں آگ لگنے کی وجہ الیکٹرک شارٹ سرکٹ کو قرار دیا گیا، مقامی میڈیا

مصر میں ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں آتشزدگی سے کورونا وائرس کے متاثرہ 7 مریض ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے پی' کے مطابق مقامی پولیس نے کہا کہ آگ قاہرہ کے مضافاتی ضلع اوبور کے نجی ہسپتال میں لگی۔

پولیس نے کہا کہ واقعے کے بعد زخمیوں اور دیگر مریضوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

فائرفائٹرز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا جبکہ پولیس اور پراسیکیوٹرز نے آتشزدگی کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ترکی: ہسپتال کے 'آئی سی یو' میں آگ لگنے سے 9 کورونا مریض ہلاک

مصر کے سرکاری اخبار 'الاحرام' نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں آگ لگنے کی وجہ الیکٹرک شارٹ سرکٹ کو قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ اسی طرح کا آگ لگنے کا واقعہ جون میں اسکندریہ شہر کے نجی ہسپتال کے کورونا وائرس وارڈ میں بھی پیش آیا تھا، جس سے 7 مریض ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔

قبل ازیں مئی میں قاہرہ کے کورونا وائرس آئیسولیشن سینٹر میں بھی آگ لگی تھی، تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

خیال رہے کہ مصر میں ایک بار پھر وبا کے کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جس سے حکومت ایک بار پھر کورونا مریضوں کو آئیسولیٹ کرنے اور ان کے علاج کے لیے مختص ہسپتال دوبارہ کھولنے پر مجبور ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں: مصر: کورونا کے پھیلاؤ پر بات کرنے والے ڈاکٹرز گرفتار، ناقدین کو بھی خاموش کرادیا گیا

مصری وزارت صحت نے جمعہ کو ملک میں ریکارڈ ایک ہزار 113 کیسز اور 49 اموات کی تصدیق کی تھی۔

ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار 126 ہوچکی ہے، جبکہ 7 ہزار 309 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

تاہم خیال کیا جارہا ہے کہ 10 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک میں محمود ٹیسٹنگ کے باعث وائرس سے متاثر ہونے والوں کی اصل تعداد کئی گنا زیادہ ہے۔

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق، 7 زخمی

بھارتی اداکارہ گوہر خان نے نکاح پر کس پاکستانی ڈیزائنر کا تیار کردہ لباس پہنا؟

طویل انتظار کے بعد فنٹیسی اینیمیٹڈ فلم ’سول‘ بھی آن لائن ریلیز