پاکستان

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق، 7 زخمی

دھماکا مقامی گراؤنڈ میں فٹ بال میچ کے دوران ہوا جس سے قریبی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، ذرائع
|

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا مقامی گراؤنڈ میں فٹ بال میچ کے دوران ہوا جس سے قریبی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

ذرائع نے کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے۔

دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔

ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں دھماکے سے 2 افراد جاں بحق، 10 زخمی

واضح رہے کہ بلوچستان گزشتہ کچھ عرصے سے بدامنی کا شکار ہے، جس کے پیچھے بیرون دشمنوں کا ہاتھ ہونے کے بارے میں بھی کہا جاتا ہے۔

25 اکتوبر کو صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے تھے۔

پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

اس سے قبل 14 اکتوبر کو کوئٹہ کے اسمنگلی روڈ پر دستی بم سے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ نامعلوم شرپسندوں نے علاقے میں کام کرنے والے مزدوروں پر دستی بم پھیکا، جس کے پھٹنے سے 7 شہری زخمی ہوئے جن میں 2 بچے بھی شامل تھے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: مستونگ میں دھماکا، خاتون سمیت 3 افراد زخمی

اگست کے مہینے میں صوبہ بلوچستان کے علاقے چمن کے مال روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے تھے۔

پولیس افسر نے بتایا تھا کہ نامعلوم شرپسندوں نے سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل میں دھماکا خیز مواد نصب کیا تھا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا تھا۔