پاکستان

مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر کلثوم پروین کا کورونا کے باعث انتقال

سینیٹر کلثوم پروین کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ہسپتال میں زیر علاج تھیں اور گزشتہ کئی روز سے وینٹی لیٹر پر تھیں۔
|

مسلم لیگ (ن) بلوچستان سے تعلق رکھنے والی سینیٹر کلثوم پروین کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئیں۔

سینیٹ سیکریٹریٹ نے کلثوم پروین کے انتقال کی تصدیق کی۔

سینیٹر کلثوم پروین کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ہسپتال میں زیر علاج تھیں اور گزشتہ کئی روز سے وینٹی لیٹر پر تھیں۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے سینیٹر کلثوم پروین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

صادق سنجرانی نے سینیٹر کلثوم پروین کے خاندان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کلثوم پروین کے انتقال پر انتہائی افسردہ ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں ہم ان کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سینئر سیاستدان و رکن سندھ اسمبلی جام مدد علی کا کورونا سے انتقال

انہوں نے کہا کہ سینیٹر کلثوم پروین کے انتقال سے ایوان بالا ایک انتہائی فعال رکن اور ترقی پسند سوچ رکھنے والی مدبر سیاستدان سے محروم ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مرحومہ نے نہ صرف بلوچستان میں پسماندہ طبقات کی بھرپور نمائندگی کی بلکہ ملکی سیاست میں بھی اہم کردار ادا کیا جبکہ ایوان بالا میں ان کے مثبت کردار اور عوام کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ فروری 2020 سے ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کے بعد سے اب تک کئی سیاسی و سماجی شخصیات، کرکٹر، فلمی ستاروں و دیگر افراد اس عالمی وبا کا شکار ہوئے ہیں۔

ان میں سے زیادہ تر افراد قرنطینہ میں رہنے اور ضروری طبی علاج کے بعد صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کچھ کا انتقال بھی ہوا ہے۔

سیاستدانوں کی بات کی جائے تو قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز، پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و سندھ کے وزیر سعید غنی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال ان سیاستدانوں میں شامل تھے، جنہیں کورونا وائرس کی تشخصی ہوئی تاہم یہ تمام لوگ صحتیاب ہوگئے۔ اس کے علاوہ بھی دیگر سیاسی شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہوکر صحتیاب ہوئی ہیں۔

اس کے علاوہ بھی دیگر سیاسی شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہوکر صحتیاب ہوئی ہیں۔

مزید پڑھیں: پی پی پی کے سینئر رہنما راشد ربانی کورونا سے انتقال کرگئے

تاہم اس عالمی وبا کے باعث پاکستان میں جو سیاست دان جانبر نہ ہوسکے ان میں بلوچستان کے سابق گورنر سید فیصل آغا، پی ٹی آئی پنجاب کی رکن اسمبلی شاہین رضا، سندھ کے صوبائی وزیر غلام مرتضیٰ بلوچ، رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور پی ٹی آئی کے جمشیدالدین کاکاخیل، پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے صدر سید جعفر شاہ، پیپلز پارٹی کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی جام مدد علی اور دیگر شامل ہیں۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں جہاں اب کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ویکسین کے استعمال کا آغاز ہوگیا ہے وہیں دوسری لہر بھی تیزی سے پھیل رہی ہے اور پاکستان میں بھی اس کے وار جاری ہیں۔

ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 58 ہزار 968 ہے جس میں سے 4 لاکھ 9 ہزار 85 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 9 ہزار 392 تک پہنچ گئی ہے۔

کورونا وائرس کی نئی قسم کے حوالے سے ماہرین کا انتباہ

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

مہنگی مرغی اور خان کا وعدہ