پاکستان

الیکشن کمیشن کا خالی نشستوں پر اچانک ضمنی انتخابات کروانے کا فیصلہ

یکم دسمبر کو الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا تھا کہ 31 جنوری 2021 تک کوئی بھی زیر التوا ضمنی انتخاب نہیں کروایا جائے گا، رپورٹ

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے حیرت انگیز طور پر اچانک قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر ضمنی انتخاب کروانے کا فیصلہ کرلیا جو کورونا وائرس کی وجہ سے زیر التوا تھے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ جو سینیٹ انتخابات کے لیے الیکٹورل کالج کی تکمیل کی راہ ہموار کرے گا، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں سندھ کے علاوہ تمام صوبوں نے مدعو کیے جانے کے باوجود شرکت نہیں کی، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما تاج حیدر نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کے قانونی مشیر مرتضیٰ وہاب اور صوبائی حکومت کے دیگر نمائندے ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے تمام ضمنی انتخابات 31 جنوری تک مؤخر کردیے

الیکشن کمیشن کے سیکریٹری نے اجلاس کو بتایا کہ قومی اسمبلی کی 2 جبکہ صوبائی اسمبلیوں کی 6 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں۔

ان میں سندھ میں صوبائی اسمبلی کے 3 حلقے جبکہ دیگر تینوں صوبوں میں ایک ایک اور خیبرپختونخوا اور پنجاب میں قومی اسمبلی کا ایک ایک حلقہ شامل ہے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے پی پی پی رہنما تاج حیدر نے کہا کہ آئین و قانون کے تحت کسی بھی خالی نشست پر 60 روز میں ضمنی انتخابات کروانے ہوتے ہیں۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستیں مل کر الیکٹورل کالج تشکیل دیتی ہیں اور اگر خالی نشستیں پُر نہ کی گئیں تو الیکٹورل کالج نامکمل رہے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حال ہی میں گلگت بلتستان میں بھی انتخابات ہوئے ہیں اور امریکی صدارتی انتخابات کا بھی حوالہ دیا جہاں کووِڈ 19 کا پھیلاؤ سب سے زیادہ ہے۔

مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن نے سندھ میں حلقہ بندیوں کے عمل کو مؤخر کردیا

تاج حیدر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ضمنی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں کووِڈ 19 سے تحفظ کے لیے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عملدرآمد یقینی بنا سکتی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سانگھڑ اور عمر کوٹ جہاں صوبائی اسمبلی کی 3 میں سے 2 نشستوں پر ضمنی انتخاب ہونا ہے وہاں کووِڈ 19 کے کیسز کی تعداد کم ہے۔

ای سی پی نے اس معاملے پر پہلے سے لی گئی صوبوں کی آرا کو بھی مدِ نظر رکھا جس میں سندھ اور بلوچستان نے ضمنی انتخاب کے لیے اپنی تیاری ظاہر کی تھی جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا نے اسے ملتوی کرنے کا کہا تھا۔

چنانچہ الیکشن کمیشن نے حقائق کا جائزہ لینے کے بعد خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب کروانے کا فیصلہ کرلیا اور ای سی پی سیکریٹریٹ کو اس حوالے سے شیڈول جاری کرنے کی بھی ہدایت دے دی۔

باخبر ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ 8 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جمعہ (آج) جاری کیا جائے گا، قومی اسمبلی کی جن 2 نشستوں پر ضمنی انتخاب ہونا ہے اس میں این اے-75 سیالکوٹ اور این اے-45 کرم ایجنسی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلدیاتی انتخابات کروانے کیلئے الیکشن کمیشن قانونی مشکلات کا شکار

دوسری جانب صوبائی اسبملیوں کی جن نشستوں پر ضمنی انتخاب ہوگا ان میں سندھ کے حلقے پی ایس-52 عمر کوٹ، پی ایس-88 ملیر اور پی ایس-43 سانگھڑ جبکہ پی پی-51 گوجرانوالہ، خیبر پختونخوا میں پی کے-63 نوشہرہ اور بلوچستان میں پی بی-20 پشین شامل ہے۔

یاد رہے کہ یکم دسمبر کو الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا تھا کہ 31 جنوری 2021 تک کوئی بھی زیر التوا ضمنی انتخاب نہیں کروایا جائے گا۔

امریکی جنرل کی قطر میں طالبان نمائندوں سے ملاقات

ہائی بلڈ پریشر دماغی تنزلی کی رفتار تیز کرنے کا باعث قرار

شو آف ہینڈ کے ذریعے سینیٹ انتخابات ممکن ہی نہیں، اٹارنی جنرل پاکستان