شیخ رشید کے سیکریٹریٹ کی سیکیورٹی سخت کردی گئی
راولپنڈی: حال میں تعینات وزیر داخلہ شیخ رشید کی عوامی مسلم لیگ کے سیکریٹریٹ کے آس پاس سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے اور پولیس نے منگل کو آس پاس کے تجارتی راستوں کا سروے مکمل کرلیا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایس پی راول ٹاؤن رائے مظہر اقبال، ایس پی ہیڈ کوارٹرز ڈی ایس پی وارث خان اور ایس ایچ او کی سربراہی میں ایک پولیس ٹیم نے لال حویلی کے نام سے مشہور عوامی مسلم لیگ کے عوامی سیکریٹریٹ کا دورہ کیا اور شیخ رشید کے بھتیجے اور رکن قومی اسمبلی شیخ رشید شفیق سے سیکیورٹی پلان پر تبادلہ خیال کیا۔
مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں، شیخ رشید کو وزیر داخلہ بنا دیا گیا
پارلیمانی سیکریٹری برائے انسداد منشیات شیخ رشید شفیق نے راولپنڈی میں دہشت گردی کے حالیہ حملوں اور دیگر سیکیورٹی امور کے پیش نظر پولیس ٹیم کو سیکیورٹی کے امور سے آگاہ کیا، ٹیم نے آس پاس کے تجارتی راستوں اور رہائشی علاقوں کا بھی دورہ کیا۔
سادہ کپڑوں میں اضافی پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے علاوہ یہ فیصلہ کیا گیا کہ مزید سیکیورٹی کے لیے عوامی مسلم لیگ کے پبلک سیکریٹریٹ کے داخلی دروازے پر واک تھرو گیٹ اور اسکینر لگائے جائیں گے۔
اس موقع پر پولیس افسران کا کہنا تھا کہ لال حویلی کے آس پاس سخت سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا، ٹیم کو لال حویلی کے آس پاس سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے کہا گیا تھا لیکن پبلک سیکریٹریٹ کے آس پاس کے علاقوں میں شہری زندگی اور کاروباری سرگرمیوں کو پریشان نہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن کیلئے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرنا چاہتے، شیخ رشید
اس کے علاوہ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملک اعجاز آصف نے منگل کے روز اڈیالہ جیل کا دورہ کیا اور ذاتی ضمانتوں پر چھوٹے چھوٹے جرائم میں ملوث 11 قیدیوں کو رہا کرنے کی ہدایت جاری کردی، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے حکم پر جیل انتظامیہ نے قیدیوں کو رہا کیا۔