دنیا

بھارت: ریٹنگ کے فراڈ پر ری پبلک ٹی وی کے سینئر ایگزیکٹو گرفتار

پولیس نے اے آر جی آؤٹلیئر میڈیا کے سربراہ وکاس خانچندانی کو ممبئی میں ان کے گھر سے گرفتار کیا، رپورٹ

بھارت کی پولیس نے سنسنی پھیلانے والے نیوز چینل کے میڈیا گروپ کے چیف ایگزیکٹو کو ریٹنگ کے نظام میں ہیر پھیر کرنے پر گرفتار کر لیا، جس کے تحت چینل کو اشتہارات ملتے ہیں۔

خبر ایجنسی 'اے پی' کی رپورٹ کے مطابق ری پبلک ٹی وی نے نشریات کے دوران کہا کہ پولیس نے اے آر جی آؤٹلیئر میڈیا کے سربراہ وکاس خانچندانی کو بھارت کے معاشی مرکز ممبئی میں ان کے گھر سے گرفتار کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ ری پبلک ٹی وی کی نشریات انگریزی اور ہندی دونوں زبانوں میں ہوتی ہے جو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی پالیسیوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: معروف بھارتی اینکر ارنب گوسوامی گرفتار

ری پبلک ٹی وی کے شریک بانی ارناب گوسوامی نے اپنے پروگرام میں وکاس خانچندانی کی گرفتاری کے حوالے سے کہا کہ 'میں جانتا ہوں کہ وہ گرفتار ہوں گے اور اونچے سر کے ساتھ باہر آئیں گے'۔

رپورٹ کے مطابق یہ گرفتاری پولیس کی اس تفتیش کا حصہ ہے، جو اکتوبر میں مغربی ریاست مہاراشٹرا میں ٹی وی چینل کے خلاف عائد ریٹنگ نظام میں ہیر پھیر کے الزام پر شروع کی گئی ہے۔

پولیس نے وکاس خانچندانی سے اس سے قبل بھی تفتیش کی تھی۔

ماہرین کہتے ہیں کہ یہ گرفتاری ری پبلک ٹی وی اور مہاراشٹرا کی مقامی انتظامیہ کے درمیان چپقلش ہے جہاں حکمران اتحادی جماعتوں نے نریندر مودی کی بی جے پی کی جانب سے ریاست میں اتحاد کرنے کی کوششوں کا مقابلہ کیا تھا۔

یاد رہے کہ پولیس نے گزشتہ ماہ ارنب گوسوامی کے خلاف خودکشی پر اکسانے کا مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کرلیا تھا۔

ممبئی پولیس کے سینئر افسر سنجے موہت نے کہا تھا کہ ریپبلک ٹی وی کے بانی ارنب گوسوامی کے خلاف مقدمہ ایک انٹیریئر ڈیزائنر انوے نائیک اور ان کی ماں کی موت سے منسلک ہے جسے پولیس نے خودکشی قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی میڈیا کی مضحکہ خیز رپورٹنگ، پاکستان کے خلاف دعووں کا پول کھل گیا

انوے نائیک کا لکھا ہوا خود کشی کا جو نوٹ پولیس کو ملا اس میں تحریر تھا کہ وہ اپنی زندگی کا خاتمہ اس لیے کر رہے ہیں کیوں کہ ارنب گوسوامی اور دیگر افراد نے ان سے بھاری رقم لے رکھی ہے جسے واپس کرنے سے انکاری ہیں، تاہم اینکر نے اس الزام کی تردید کی۔

ارنب گوسوامی اپنے شوز میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی قوم پرست پالیسی کی شدت سے حمایت کرتے ہیں اور اکثر حریفوں پر چیختے چلاتے نظر آتے ہیں۔

ریپبلک ٹی وی کی جانب سے ارنب گوسوامی کی گرفتاری کو بھارتی جمہوریت کے لیے سیاہ دن قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا گیا تھا کہ پولیس نے اینکر کو جسمانی بدسلوکی کا نشانہ بنایا ہے۔

ارنب گوسوامی کے خلاف مذہبی اشتعال انگیزی کو ہوا دینے اور مذہبی گروہوں کے مابین نفرت کی ترویج کے مقدمات بھی درج ہیں۔

پی آئی اے کی رپورٹ مسترد، کوئی بہتری نظر نہیں آرہی، چیف جسٹس

وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو ریونیو کا قلمدان بھی تفویض

پیمرا کی 'فطرت ' ڈرامے میں نازیبا مواد نشر نہ کرنے کی ہدایت