پاکستان

استعفوں کے معاملے پر سندھ سے بڑا 'سرپرائز' ملے گا، سعید غنی

ملک میں مہنگائی کی وجہ مافیاز ہیں اور یہ پی ٹی آئی کی اے ٹی ایم ہیں، صوبائی وزیر تعلیم
|

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ اسمبلیوں سے استعفے کے معاملے پر سندھ سے بڑا سرپرائز ملے گا۔

کراچی میں پی پی پی کے مقامی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ استعفوں کے معاملے پر سندھ سے سرپرائز ملے گا، ہمارا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے نہیں ہے کیونکہ وہ کسی طور سیاسی نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کو وزیر داخلہ بنانے کے بعد اس حکومت کی اہمیت سامنے آگئی ہے کیونکہ عمران خان نے خود ہاتھ اٹھا کر دعا مانگی تھی کہ اللہ مجھے شیخ رشید جیسا سیاست دان نہ بنائے اور شاید ان کی دعا قبول ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں: 'وزیراعظم نے قسم کھائی ہے کہ کسی ادارے کو غیر متنازع رہنے نہیں دوں گا'

پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی وجہ مافیاز ہیں اور یہ مافیا پی ٹی آئی کی اے ٹی ایم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی تحریک جس طرح زور پکڑ رہی ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان کی جگادری جلد ہی ملک چھوڑنا شروع کریں گے۔

پی ڈی ایم کی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم انہیں نکالنے کے لیے استعفے دے رہیں اور بہت جلد سندھ بہت بڑا سرپرائز دے گا۔

اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں اور مقامی رہنماؤں نے پی پی پی میں شمولیت کا علان بھی کیا جس پر سعید غنی نے کہا کہ پی پی پی کی مقبولیت کی وجہ سے دوسری جماعتوں سے بڑی تعداد میں کارکن پی پی پی کا حصہ بن رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پی پی پی کو شکست دینے کے لیے مختلف حربے استعمال کیے گئے جس سے سب واقف ہیں لیکن اس وقت بھی پی پی پی کراچی میں مقبول جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کسی کی ذاتی میراث نہیں ہے بلکہ یہاں بسنے والی ہر قوم، زبان اور مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کا شہر ہے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ میڈیا پر پابندیاں، عدلیہ کو متنازع بنانا بلکہ ملک کے اہم ترین اداروں کو بھی متنازع بنانا اس حکومت اور حکمرانوں کی نااہلی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں سیاسی کارکنوں کو ہراساں کیا گیا، جعلی ایف آئی آرز درج کروائی گئیں، بغاور کے الزامات پر انہیں نظر بند کردیا گیا، ہم پی ٹی آئی کو اپنا سیاسی حریف نہیں سمجھتے کیونکہ وہ سیاسی نہیں۔

میکسیکو سٹی میں انسانی کھوپڑیوں کے مینار کے نئے حصے دریافت

ایشیا کی 50 مقبول شوبز شخصیات میں 4 پاکستانی بھی شامل

بھارت میں نئے زرعی قوانین پر ڈیڈلاک برقرار، کسانوں کے احتجاج میں شدت