پاکستان

راولپنڈی: تھانہ گنج منڈی کے قریب دھماکا، 25 افراد زخمی

10 دنوں میں یہ دوسرا دھماکا ہے، جس کی نوعیت کا پتا لگا رہے ہیں، سٹی پولیس افسر راولپنڈی ڈویژن
|

صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں تھانہ گنج منڈی کے قریب دھماکے میں 25 افراد زخمی ہوگئے۔

ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا کہ تھانہ گنج منڈی کے قریب فلٹریشن پلانٹ کے پاس دستی بم کا دھماکا ہوا تاہم سٹی پولیس افسر (سی پی او) راولپنڈی ڈویژن احسن یونس نے کہا کہ دھماکے کی نوعیت سے متعلق فی الوقت نہیں بتا سکتے۔

دھماکے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو عملہ جائے وقوع پر پہنچ گیا اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور محکمہ انسداد دہشت گردی اور فرانزک ماہرین نے معائنہ شروع کردیا۔

ابتدائی طور پر پولیس نے بتایا تھا کہ دھماکے میں 3 افراد زخمی ہوئے اور انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز (ڈی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کردیا گیا، ساتھ ہی پولیس نے بتایا کہ دھماکا تھانہ گنج منڈی کے سامنے فلٹریشن پلانٹ کے قریب ایک ریڑھی میں چپھائے گئے دستی بم سے ہوا۔

دوسری جانب ترجمان ریسکیو 1122 نے بتایا کہ دستی بم کے دھماکے میں خاتون سمیت 25 افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں سے 22 کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ 3 کو وہی طبی امداد فراہم کی گئی۔

دھماکے کے بعد سی پی او راولپنڈی احسن یونس جائے وقوع پر پہنچے جہاں انہوں نے بتایا 10 دنوں میں یہ دوسرا دھماکا ہے۔

سی پی او کا کہنا تھا کہ راولپنڈی گنج منڈی میں دھماکے کی نوعیت کا فی الوقت نہیں بتاسکتے، تاہم انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں پیرودہائی اور آج گنج منڈی والے دھماکے تھانوں کے قریب ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی اطلاعات موجود ہیں جبکہ پیرودہائی بم دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ رواں سال راولپنڈی میں یہ اس طرح کا چوتھا واقعہ ہے، 4 دسمبر کو راولپنڈی کے علاقے پیرودہائی میں ایک بس اسٹینڈ کے قریب رکشے میں دھماکا ہوا تھا جس میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔

ریسکیو اور پولیس حکام نے دھماکے میں 45 سالہ محمد افضل خان کے جاں بحق ہونے اور 7 افراد زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔

پولیس حکام نے بتایا تھا کہ دھماکا دیسی ساختہ آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا جس میں بارود کے ساتھ بال بیرنگ استعمال کیے گئے تھے۔

مارچ میں مصروف ترین صدر بازار میں دھماکا خیز مواد پٹھنے سے 7 افراد زخمی ہوگئے تھے، جس میں سے ایک شدید زخمی بھی شامل تھا۔

اس سے قبل رواں برس 12 جون کو راولپنڈی کے علاقے صدر کینٹ کے تجارتی علاقہ کوئلہ سینٹر میں بم دھماکے میں ایک شہری جاں بحق اور بچوں سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے تھے۔