پاکستان

بلوچستان: ضلع کیچ سے 5 افراد کی لاشیں برآمد

3 افراد کی لاشیں ایرانی سرحد کے قریب ٹمپ کے علاقے اور 2 لاشیں ہوشاب کے علاقے میں ہیرواک پل کے نیچے سے ملیں، لیویز حکام
|

گوادر: لیویز فورسز نے مکران ڈویژن کے ضلع کیچ میں 2 مختلف مقامات سے 5 گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد کرلیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق لیویز حکام نے ضلعی ہیڈکوارٹرز تربت کے 120 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ایرانی سرحد کے قریب ٹمپ کے علاقے سے 3 لاشوں کو برآمد کیا۔

مزید یہ کہ دیگر 2 افراد کی لاشیں ہوشاب کے علاقے میں ہیرواک پل کے نیچے سے ملیں۔

مزید پڑھیں: ڈی آئی خان سے تعلق رکھنے والے 3 افراد کی لاشیں بلوچستان سے برآمد

انہوں نے کہا کہ ٹمپ سے ملنے والے لاشیں ان 3 افراد کی ہیں جو سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں ہلاک ہوئے تھے، اس لاشوں کو تربت میں ضلعی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ان افراد میں سے 2 کی شناخت مختیار نور حسین اور عزیز کے نام سے ہوئی جو ضلع کیچ کے علاقے ملک آباد ٹمپ کے رہائشی تھے جبکہ تیسری لاش کی شناخت نہیں ہوسکی۔

خیال رہے کہ صوبہ بلوچستان گزشتہ چند عرصے سے بدامنی کا شکار ہے اور یہاں سیکیورٹی فورسز پر حملے، دھماکے اور مختلف واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، جس کے پیچھے بیرون دشمنوں کا ہاتھ ہونے کے بارے میں بھی کہا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ مارچ 2019 میں ڈیرہ اسمٰعیل خان سے تعلق رکھنے والے 3 افراد کی لاشیں بلوچستان کے علاقے راکھنی سے برآمد ہوئیں تھیں۔

اس وقت بلوچستان کے ضلع بارکھان کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس حاجی محمد زَمری نے بتایا تھا کہ تینوں افراد کو سروں پر گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: تربت سے مزید 5 لاشیں بر آمد

قبل ازیں نومبر 2017 میں صوبہ بلوچستان کے شہر تربت سے ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع پہاڑی علاقے تاجبان میں گولیوں سے چھلنی 5 نامعلوم لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔

لیویز ذرائع نے اس وقت بتایا تھا کہ ان لاشوں کے بارے میں مقامی افراد نے لیویز اہلکار کو آگاہ کیا تھا جبکہ پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے اطلاع ملتے ہی لاشوں کو تحویل میں لے کر انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال (ڈی کیو ایچ) تربت منتقل کردیا جبکہ اس واقعے کی تحقیقات کا بھی آغاز کردیا تھا۔

یہ بھی واضح رہے کہ 2016 میں بھی بلوچستان کے ضلع کیچ سے تین لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔

تینوں لاشیں گور کوپ کے علاقے میں مقامی افراد کو ملی تھیں جن کی نشاندہی کے بعد لیویز حکام نے پوسٹ مارٹم کے لیے انہیں مقامی ہسپتال منتقل کردیا تھا۔

وزارت دفاع کو سینئر عسکری افسران کی آمدنی، اثاثوں کی معلومات فراہم کرنے کی ہدایت

حفاظتی تدابیر پر اس طرح عمل نہیں ہو رہا جیسے پہلی لہر میں کیا گیا تھا، اسد عمر

فرانس سے تعلقات رکھنے ہیں یا نہیں؟ پاکستان کا اسلامی ممالک سے رابطوں کا فیصلہ