پاکستان

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی میں توسیع

حکومت پنجاب نے وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی دی گئی درخواست پر پیرول میں توسیع کی، فردوس عاشق اعوان

حکومت پنجاب نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کردی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں کہا کہ 'حکومت پنجاب نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی دی گئی درخواست پر اگلے 24 گھنٹے کے لیے پیرول میں توسیع کردی ہے'۔

واضح رہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت آج ختم ہو رہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: والدہ کے انتقال پر شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز پیرول پر رہا

گزشتہ روز جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے پیرول میں توسیع سے متعلق درخواست دینے کے امکان کو مسترد کردیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پتھر دل والوں کو پیرول میں توسیع کی درخواست کون دے گا۔

دوسری جانب فردوس عاشق اعوان نے بھی پیرول کی مدت میں توسیع کے امکانات کو مسترد کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: حمزہ شہباز نے پیرول میں توسیع کیلئے درخواست دینے کے امکان کو مسترد کردیا

خیال رہے کہ شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو ان کی والدہ کے انتقال پر 27 نومبر کو 5 دن کے لیے کوٹ لکھپت جیل سے پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور صوبائی کابینہ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 5 روز کے لیے پیرول پر رہا کرنے کی منظوری دی تھی جس کے بعد جیل حکام نے انہیں رہا کردیا۔

یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے 29 ستمبر کو لاہور ہائی کورٹ میں آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد شہباز شریف کو گرفتار کیا تھا جبکہ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو بھی اسی کیس میں 11 جون 2019 کو گرفتار کیا گیا تھا۔

شوبز میں واپسی کے عندیے کے بعد حمزہ علی عباسی کا کتاب لکھنے کا اعلان

پی آئی اے کے لیے 8 طیارے لیز پر لینے کا فیصلہ

مقبوضہ کشمیر کی پہلی خاتون 'ریپر'