پاکستان

نعیم بخاری کا پی ٹی وی پر اپوزیشن کے 'بلیک آؤٹ' کا عندیہ

پی ٹی وی ریاست کے ماتحت چلنے والا ادارہ ہے اور یہ صرف حکومتی مؤقف پیش کرے گا، چیئرمین پی ٹی وی
|

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے نئے مقرر کردہ چیئرمین نعیم بخاری نے پی ٹی وی پر حزب اختلاف (اپوزیشن) کے 'بلیک آؤٹ' کا عندیہ دے دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جب ایک رپورٹر نے سپریم کورٹ کی عمارت کے باہر نئے چیئرمین سے سوال کیا کہ کیا اپوزیشن کو پی ٹی وی پر برابر ایئر ٹائم دیا جائے گا تو نعیم بخاری نے کہا کہ 'ہر گز نہیں'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی وی ریاست کے ماتحت چلنے والا ادارہ ہے اور یہ صرف حکومتی مؤقف پیش کرے گا۔

اس پر رپورٹر نے سوال کیا کہ کیا 'صرف حکومت؟' جس پر نعیم بخاری نے جواب دیا 'جی صرف حکومت'۔

واضح رہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے پیر کو نعیم بخاری کے بطور چیئرمین پی ٹی وی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، نعیم بخاری ٹیلی ویژن پر پروگرامز کرنے کے حوالے سے وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے وکیل نعیم بخاری پی ٹی وی چیئرمین مقرر

یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق دور حکومت میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اصرار کیا گیا تھا کہ پی ٹی وی پر اپوزیشن کو برابر نشریاتی وقت دیا جائے یہاں تک کہ پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس بھی کرنے دی جائے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے منشور میں پی ٹی وی کو برٹش براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (بی بی سی) کی طرز پر تبدیل کرنے کا کہا گیا تھا۔

خیال رہے کہ نامور وکیل نعیم بخاری کو سرکاری نشریاتی ادارے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی بطور چیئرمین سربراہی کرنے کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔

اطلاعات تھیں کہ ان کا تقرر بظاہر جلد بازی میں کیا گیا کیونکہ وفاقی کابینہ نے گزشتہ ہفتے اپنے اجلاس میں ان کے تقرر کے لیے ایک سمری پر غور کیا تھا لیکن انہوں نے ان کی پی ٹی وی چیئرمین کی حیثیت سے شمولیت کی توثیق نہیں کی تھی۔

مزید پڑھیں: ’سابق پی ٹی وی چیئرمین کو 27 کروڑ روپے کیوں دیے گئے‘، چیف جسٹس

واضح رہے کابینہ نے وزارت اطلاعات کو ہدایت کی تھی کہ مندرجہ ذیل مشاہدات کے مطابق سمری دوبارہ پیش کریں:

بعد ازاں وزارت اطلاعات نے پی ٹی وی کے تین آزاد ڈائریکٹرز کے تقرر کے لیے سمری پیش کی تھی جس میں نعیم بخاری، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ سید وسیم رضا اور ممتاز مصنف اصغر ندیم سید کو اصولی اُمیدوار نامزد کرنے کی سفارش کی گئی تھی، نعیم بخاری اور اصغر ندیم سید کی عمر 65 برس سے زیادہ ہے اور اسی وجہ سے اس وزارت نے ان کی عمر کے بارے میں وفاقی کابینہ سے نرمی طلب کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی وی کے چیئرمین ارشد خان کی تعیناتی کالعدم قرار

تاہم ڈائریکٹرز اور پی ٹی وی کے چیئرمین کے تقرر کے لیے سمری دوبارہ جاری کرنے سے متعلق کابینہ کے مشاہدات کے برخلاف وزارت اطلاعات نے پیر کو بذات خود نعیم بخاری کی بطور چیئرمین نامزدگی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا۔

اگر احتیاط نہ کی تو دو ہفتوں میں کیسز پھر عروج کو پہنچ سکتے ہیں، اسد عمر

پی ڈی ایم کا آج ہونے والے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان

ریپ کیسز کے مجرمان کے خلاف مفصل قانون بنا لیا، شبلی فراز