پاکستان

وینا ملک کا بھی سابق شوہر کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس

معافی نہ مانگنے کی صورت میں اسد خٹک کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا جائے گا، نوٹس کا متن
|

حال ہی میں اداکارہ و ماڈل وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک نے اپنی سابق اہلیہ کو بچوں کو دبئی سے پاکستان اسمگل کرنے اور بدنام کرنے کے الزامات کے تحت 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا تھا۔

اور اب اداکارہ وینا ملک نے کسی ثبوت کے بغیر میڈیا پر بدنام کرنے کے الزام پر سابق شوہر اسد خٹک کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔

اداکارہ وینا ملک نے اپنے وکیل تنویر کھوکھر ایڈووکیٹ کے وساطت سے اسد خٹک کو نوٹس ارسال کیا۔

ایڈووکیٹ تنویر ملک کے ذریعے ارسال کیے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ اسد بشیر میڈیا پر غلط بیانی کرکے، کسی ثبوت اور قانونی جواز کے بغیر وینا ملک کو بدنام کررہے ہیں۔

نوٹس میں کہا گیا کہ بچوں امل اور ابرام کی حقیقی والدہ کے خلاف اسمگلنگ اور اغوا جیسے الفاظ کا استعمال غیر قانونی اور بلاجواز ہے۔

مزید پڑھیں: وینا ملک کی سابق شوہر کو گالیاں اور دھمکیاں دینے کی مبینہ آڈیو وائرل

نوٹس میں کہا گیا اسد بشیر نے بچوں کی دیکھ بھال کے لیے ایک بے بی سٹر (ورکر) رکھا تھا جسے مشتبہ غیر مرد کے طور پر پیش کیا گیا اور ایسا کرکے انہوں نے قانونی طور پر وینا ملک کی کردار کشی کی اور انہیں بدنام کرنے کے جرم کا ارتکاب کیا۔

اداکارہ کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس کے مطابق اسد بشیر خٹک نے میڈیا پر کہا کہ بچوں کو دبئی سے پاکستان اسمگل کیا گیا تھا لیکن حقائق یہ ہیں کہ وینا ملک اپنے بچوں کے ساتھ دبئی سے پاکستان قانونی طریقے سے واپس آئی تھیں۔

متن میں مزید کہا گیا کہ اسد خٹک دبئی کی مقامی عدالت کا مکمل حکم نامہ سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

نوٹس میں کہا گیا کہ اسد خٹک کے بے بنیاد الزامات سے وینا ملک کی شہرت متاثر ہوئی اور وہ 90 روز میں میڈیا اور سوشل میڈیا پر آکر معافی مانگیں۔

اس میں مزید کہا گیا کہ وینا ملک سے معافی نہ مانگنے کی صورت میں اسد خٹک کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ وینا ملک اور اسد خٹک کی شادی 25 دسمبر 2013 کو ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں اور وینا ملک نے 2017 میں اسد بشیر خٹک سے خلع لے لی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سابق شوہر کا وینا ملک کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس

دونوں میں طلاق ہونے کے بعد ایک دوسرے پر الزامات لگانے کا سلسلہ جاری ہے اور بچوں کی حوالگی کے تنازع سے قبل بھی وہ ایک دوسرے پر مختلف نوعیت کے الزامات لگا چکے ہیں۔

بچوں کو دبئی سے پاکستان منتقل کیے جانے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے حال ہی میں اسد خٹک نے وینا ملک کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھی بھجوایا تھا۔

اسد خٹک کی جانب سے ہرجانے کا نوٹس بھجوائے جانے پر وینا ملک نے ٹوئٹ کے ذریعے عدالتی دستاویزات شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ بچوں کی حوالگی ان کے پاس ہے اور انہوں نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔

بعدازاں اسد خٹک کی جانب سے 12 نومبر کو سابق اہلیہ کی ایک مبینہ آڈیو بھی شیئر کی تھی، جس میں وینا ملک نے انہیں مبینہ طور پر گالیاں دینے سمیت دھمکیاں بھی دی تھیں۔

اسد خٹک کی جانب سے شیئر کی گئی آڈیو میں مبینہ طور پر وینا ملک کو سابق شوہر کو دھمکیاں دیتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: وینا ملک نے اغوا کروانے کی دھمکی دی، بچوں کو انجان مرد کے ساتھ رکھا، اسد خٹک

ساتھ ہی وینا ملک کو سابق شوہر کو گالیاں بھی دیتے ہوئے سنا جا سکتا ہے تاہم اس بات کی آزادانہ تحقیق نہیں ہوسکی تھی کہ مذکورہ آڈیو وینا ملک کی ہی ہے یا وہ ایڈٹ شدہ آڈیو ہے۔

مذکورہ آڈیو کے بعد وینا ملک کے شوہر نے 20 نومبر کو جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ سابق اہلیہ انہیں لاپتا کروانے اور اغوا کرنے کی دھمکیاں دے رہی ہیں۔

اسد بشیر نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں وینا ملک نے اغوا کروانے سمیت ان کی بہنوں کو اٹھوانےکی دھمکیاں دی تھیں۔

بھارتی ویب سیریز 'دہلی کرائم' کیلئے انٹرنیشنل ایمی ایوارڈ

عدالت نے گلوکارہ صنم ماروی کے بچوں کی حوالگی کا معاملہ نمٹا دیا

آئمہ بیگ نے بھی اپنا یوٹیوب چینل کھول لیا