پاکستان کے سینئر ہدایت کار اقبال کاشمیری انتقال کرگئے
پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئر ڈائریکٹر اقبال کاشمیری گردوں کے عارضے میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کر گئے۔
اقبال کاشمیری گزشتہ ایک ہفتے سے لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
انہیں گردوں کا عارضہ لاحق تھا تاہم ہسپتال میں علاج کے باوجود ان کی حلات مزید بگڑتی گئی اور وہ جانبر نہ ہوسکے۔
ہدایت کار اقبال کاشمیری نے اپنے سوگواران میں 4 بیٹیاں اور 2 بیٹے چھوڑے ہیں۔
ان کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ بچوں کی بیرون ملک سے آمد پر ہی اقبال کاشمیری کی نمازِ جنازہ اور تدفین کا وقت تعین کیا جائے گا۔
بطور ڈائریکٹر اقبال کاشمیری کی پہلی فلم ”ٹیکسی ڈرائیور“ تھی جو 1970میں ریلیز ہوئی تھی۔
اس کے علاوہ انہوں نے 'بابل'، 'ضدی'، 'بنارسی ٹھگ'، 'شریف بدمعاش'، 'ہم ایک ہیں'، 'گھر کب آؤ گے سمیت 84 فلموں کی ہدایات دی تھیں۔
پاکستان کے نامور اور سینئر ہدایت کار اقبال کاشمیری کے انتقال پر فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد گہرے دکھ کا اظہار بھی کیا ہے۔