ایک ماہ میں 20 لاکھ عازمین کی عمرہ کے لیے رجسٹریشن
ایک ماہ کے دوران تقریباً 20 لاکھ عازمین نے اسمارٹ فون ایپلی کیشن کے ذریعے سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے خود کو رجسٹرڈ کرایا ہے۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ کے آغاز میں سعودی عرب نے نئے کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے تقریبا 7 ماہ کی معطلی کے بعد عمرہ کی ادائیگی بتدریج دوبارہ شروع کے لیے ایک منصوبہ تشکیل دیا تھا۔
سعودی عرب کے وزارت حج و عمرہ کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت تک تقریباً 9 لاکھ نمازی مقدس شہر مکہ کی مسجد الحرام میں نماز پڑھنے کی خاطر اندراج کے لیے بھی اس ایپ کا استعمال کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب کا 4 اکتوبر سے عمرے کی ادائیگی مرحلہ وار بحال کرنے کا اعلان
اعتمرنا ایپ عمرہ ادا کرنے کے لیے رجسٹرڈ کرنے کے ساتھ ساتھ دو مقدس مساجد جانے اور مدینہ منورہ میں روضہ رسول کو دیکھنے کے لیے بھی استعمال کی جارہی ہے۔
سعودی عرب کے مقامی اخبار سبق کے مطابق رجسٹریشن کے لیے مسلمانوں کو ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگی، اپنا ڈیٹا اپلوڈ کرنا ہوگا، مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عمرہ یا نماز کے لیے دستیاب تاریخوں کا انتخاب کرنا ہوگا اور متعلقہ اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔
یہ ایپلی کیشن سعودی عرب کی زائرین اور عبادت گزاروں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایک کوشش ہے۔
4 اکتوبر کو سعودی عرب نے ریاست سے لوگوں کے لیے عمرہ کی ادائیگی شروع کرتے ہوئے 6 ہزار زائرین کو عمرہ کرنے کی اجازت دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: عمرے کی ادائیگی کیلئے 10 ہزار غیر ملکی عازمین سعودی عرب پہنچ گئے
18 اکتوبر کو دوسرے مرحلے میں حکومت نے مسجد الحرام میں 40 ہزار عبادت گزاروں اور 10 ہزار زائرین کو فی یوم اجازت دی تھی۔
بعد ازاں تیسرے مرحلے میں فی یوم تقریباً 20 ہزار عمرہ زائرین اور 60 لاکھ نمازیوں کو مسجد میں داخلے کی اجازت ہے جو اب بھی نافذ ہے۔
ریاست کے باہر سے عمرہ زائرین کی پہلی مرتبہ آمد کا آغاز یکم نومبر کو ہوا جہاں لوگوں کو تین دن تک آئیسولیشن میں رہنے کے بعد اپنا مذہبی فریضہ ادا کرنے کی اجازت دی گئی۔