پاکستان

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 1366 افراد متاثر، 35 انتقال کر گئے

ملک میں مجموعی متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 39 ہزار 431 ہے جس میں سے 3 لاکھ 16ہزار 665 صحتیاب اور 6 ہزار 910 مریض انتقال کر گئے۔
| |

پاکستان میں کورونا وبا کی دوسری لہر دیکھی جارہی ہے جس کے دوران موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی کیسز کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

حکومت نے وائرس کے پھیلاؤ کو ابتدا میں ہی روکنے کے لیے کچھ اقدامات اٹھائے تھے جن میں گھروں سے باہر جانے والے تمام افراد کے لیے ماسک پہننا لازم قرار دیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ مارکیٹوں، بازاروں، شادی ہالز کو رات 10 بجے جبکہ تفریحی مقامات اور پارکس کو 6 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 39 ہزار 431 ہے جس میں سے 3 لاکھ 16ہزار 665 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 6 ہزار 910 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 1366 نئے کیسز اور 35 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 605 مریض صحتیاب بھی ہوئے۔

اس تعداد میں خیبرپختونخوا کے 133 کیسز اور 3 اموت جبکہ بلوچستان میں گزشتہ روز رپورٹ ہونے والے 26 کیسز شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے ابتدائی 2 کیسز 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوئے تھے اور فوری طور پر سب سے پہلے تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا تھا جس کے بعد صورتحال لاک ڈاؤن کی جانب گئی تھی۔

تاہم مئی میں لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں بڑی حد تک نرمی کردی گئی تھی، نتیجتاً سب سے زیادہ تشویش ناک صورتحال جون کے مہینے میں سامنے آئی، اس ماہ کے دوران یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 6 ہزار اور اموات 100 سے زائد تک جا پہنچی تھی۔

بعد ازاں جولائی کے مہینے میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن نظر آئی اور کیسز کم ہونا شروع ہوئے اور پھر اگست میں اس میں مزید بہتری رپورٹ ہوئی۔

ماہ ستمبر میں کورونا وائرس کی صورتحال مزید بہتر ہونے کے بعد 6 ماہ سے زائد عرصے سے بند تعلیمی اداروں کو بھی کھول دیا گیا تھا تاہم اکتوبر کے اوائل سے ہی وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

آج 5 نومبر کو ملک میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال کچھ اس طرح کی ہے۔

سندھ

صوبہ سندھ میں جولائی کے آخر کے بعد ایک روز میں کورونا کے سب سے زیادہ 556 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 343 ہوگئی۔

سندھ میں 29 جولائی کو وبا کے 654 کیسز کا اضافہ ہوا تھا۔

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں وائرس سے مزید 17 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 2664 ہوگئی۔

صوبے میں آخری بار ایک روز میں اموات کی اتنی تعداد 30 جولائی کو سامنے آئی تھی۔

سندھ میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 11 ہزار 530 ٹیسٹ کیے گئے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صوبے میں مثبت کیسز سامنے آنے کی شرح لگ بھگ 5 فیصد ہوگئی ہے۔

پنجاب

آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 338 افراد وبا کا شکار ہوئے جبکہ 5 مریض انتقال کر گئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 5 ہزار 535 جبکہ مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 385 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وائرس کے پھیلاؤ میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے اور صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 223 نئے کیسز سامنے آئے اور 5 افراد انتقال کر گئے۔

سرکاری پورٹل کے اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 20 ہزار 694 تک جا پہنچی ہے جبکہ مجموعی اموات 229 ہوگئی ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس نے مزید 76 افراد کو متاثر کیا اور 5 مریض انتقال کر گئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سامنے آنے والے ان 76 کیسز کے بعد وہاں مجموعی متاثرین 4 ہزار 491 جبکہ مرنے والوں کی تعداد 104 تک پہنچ گئی ہے۔

گلگت بلتستان

گزشتہ روز گلگت بلتستان میں کورونا وائرس مزید 14 افراد کو متاثر کیا تاہم کوئی موت سامنے نہیں آئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ان 14 نئے مریضوں کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 4 ہزار 320 تک پہنچ گئی ہے اور اموات کی تعداد 92 ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 605 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 605 مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 16 ہزار 665 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 339431

اموات: 6910

صحتیاب: 316665

فعال کیسز: 15856

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 343 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 5 ہزار 535 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 40 ہزار 22 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 16 ہزار 26 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 20 ہزار 694، گلگت بلتستان میں 4ہزار 320 اور آزاد کشمیر میں 4 ہزار 320 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 2664

پنجاب: 2385

خیبرپختونخوا: 1284

بلوچستان: 152

اسلام آباد: 229

آزاد کشمیر: 104

گلگت بلتستان: 92

لبنانی ڈیزائنر اقوام متحدہ کے خیر سگالی سفیر مقرر

دنیا بھر میں کورونا پھر تیزی سے پھیلنے لگا، کئی ممالک میں جزوی لاک ڈاؤن

ریکوڈک کیس: نیب نے سرکاری افسران، غیر ملکی کمپنیوں کے خلاف ریفرنس دائر کردیا