ٹک ٹاک سے جلد پابندی ختم کردی جائے گی، وفاقی وزیر آئی ٹی
انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور ٹیلی کام کے وفاقی وزیر امین الحق نے کہا ہے کہ شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ‘ٹک ٹاک’ سے جلد ہی پابندی ختم کردی جائے گی۔
وفاقی وزیر امین الحق نے اسلام آباد میں الیکٹرک موٹر سائیکلز کو چلانے کے آزمائشی منصوبے کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ٹک ٹاک سے جلد پابندی ہٹائے جانے کا عندیہ دیا۔
امین الحق کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی ٹک ٹاک پر پابندی کے خلاف ہیں اور انہیں امید ہے کہ شیئرنگ ایپلی کیشن انتظامیہ سے معاملات حل ہوجائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں امین الحق نے تصدیق کی کہ ٹک ٹاک انتظامیہ حکومت پاکستان کے ساتھ رابطے میں ہے اور دونوں پارٹیوں کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد
امین الحق کے مطابق مکمل ضابطوں کے ساتھ ہی ٹک ٹاک سے پابندی ہٹائی جائے گی۔
اگرچہ وفاقی وزیر نے جلد ٹک ٹاک سے پابندی ہٹائے جانے کا عندیہ دیا، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ ایپلی کیشن سے کب تک پابندی ہٹائی جائے گی۔
حکومت پاکستان نے گزشتہ ہفتے ٹک ٹاک کو غیر اخلاقی اور نامناسب مواد نہ ہٹائے جانے پر بند کردیا تھا۔