پاکستان

وبا کے باوجود ہماری معیشت کیلئے اچھی خبریں ہیں، وزیراعظم

ستمبر میں بیرون ملک پاکستانیوں کی بھجوائی گئی ترسیلات زر اگست کے مقابلے میں9فیصد سے بڑھ کر2ارب30کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں،عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کووڈ 19 کی وبا کے باوجود ہماری معیشت کے لیے اچھی خبریں ہیں۔

عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیرون ملک سے آنے والی ترسیلات زر کے بارے میں ایک ٹوئٹ کی۔

انہوں نے ٹوئٹ کی کہ وبا کے باوجود ہماری معیشت کے لیے خوشخبری ہے۔

وزیراعظم کے مطابق ’ستمبر 2020 میں بیرون ملک سے ہمارے محتنی پاکستانیوں کی جانب سے بھجوائی جانے والی ترسیلات زر 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کی سطح تک پہنچ گئی جو گزشتہ ستمبر کے مقابلے میں 31 فیصد زیادہ ہے‘۔

مزید پڑھیں: مالی سال 2020 میں ترسیلات زر ریکارڈ 23 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ ’یہ ترسیلات زر اگست 2020 کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہیں جبکہ یہ چوتھا مہینہ ہے کہ یہ ترسیلات 2 ارب ڈالر سے زیادہ رہیں‘۔

خیال رہے کہ رواں مالی سال کے آغاز یعنی جولائی 2020 سے ہی ملک میں ترسیلات زر میں مزید اضافہ دیکھا گیا ہے۔

یہاں یہ یاد رہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان میں بیرون ملک سے 23 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر موصول ہوئی تھیں۔

رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی میں ملک میں 2 ارب 76 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات موصول ہوئیں جو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق پاکستان میں ایک ماہ میں سب سے زیادہ ترسیلات زر کی سطح تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں رواں مالی سال کے 2 ماہ میں ترسیلات زر میں اضافہ

جس کے بعد اب ستمبر میں بیرون ملک سے آنے والی ترسیلات زر 2 ارب 30 کروڑ ڈالر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ جولائی کے اعداد و شمار سے متعلق اسٹیٹ بینک نے بتایا تھا کہ سعودی عرب سے سب سے زیادہ ترسیلات زر موصول ہوئیں جو 82 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تھی۔

اسی طرح اگست میں بھی سب سے زیادہ ترسیلات زر موصول ہونے والے ممالک میں سعودی عرب سر فہرست تھا جہاں سے ایک ارب 41 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئی تھیں جو گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 36 فیصد زیادہ تھیں۔

پاکستان آئندہ 6 ماہ میں کووِڈ 19 کی ویکسین حاصل کرنے کیلئے پُرامید

گلگت-بلتستان انتخابات: مسلم لیگ (ن) نے اُمیدواروں کو ٹکٹس جاری کردیے

پاکستان ایشیا پیسیفک گروپ کی 'مزید نگرانی' کی فہرست میں برقرار