پاکستان

کورونا وبا: ملک میں 584 مریضوں کا اضافہ، فعال کیسز بڑھ کر 8 ہزار سے زائد

ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 9 ہزار 257 ہے جس میں سے 2 لاکھ 94 ہزار 740 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 448 کا انتقال ہوا ہے۔
|

دنیا بھر میں 3 کروڑ 22 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر اور 9 لاکھ 82 ہزار سے زائد اموات کا سبب بننے والے مہلک کورونا وائرس کی پاکستان میں مجموعی صورتحال بہتر ہے، تاہم گزشتہ کچھ روز میں سندھ اور بلوچستان میں کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 9 ہزار 257 ہے جس میں سے 2 لاکھ 94 ہزار 740 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 448 کا انتقال ہوا ہے۔

آج (25 ستمبر) کو پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں میں 584 کا اضافہ ہوا جبکہ 5 افراد لقمہ اجل بنے، ان کیسز میں سے 73 بلوچستان سے تھے جو ایک روز قبل کے اعداد و شمار تھے تاہم رپورٹ آج صبح ہوئے۔

بلوچستان میں ان کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 14 ہزار 838 ہوگئی۔

اگر بات کریں اس عالمی وبا کی تو گزشتہ برس کے آخر میں چین سے شروع ہونے والی اس بیماری نے دنیا کا نقشہ بدل کر رکھ دیا اور پوری دنیا لاک ڈاؤن کا شکار رہی تاہم اب کچھ ممالک میں صورتحال معمول پر آنا شروع ہوگئی ہے۔

پاکستان میں یہ وائرس خطے کے دیگر ممالک کی نسبت دیر میں آیا اور 26 فروری کو کراچی میں پہلا کیس رپورٹ ہوا، جس کے ساتھ ہی تعلیمی اداروں کی بندش اور بعد ازاں مختلف شعبوں پر پابندیاں عائد کرنے سمیت لاک ڈاؤن لگانے کے فیصلے سامنے آئے۔

ابتدائی ایک ماہ اس وائرس کے کیسز کی تعداد ملک بھی میں کم رہی تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں اضافہ رپورٹ ہوا اور مئی اور جون کے مہینے اس اعتبار سے سب سے زیادہ تشویشناک رہے۔

جون میں یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرنے لگیں جبکہ ہسپتالوں میں بھی بستروں کے لیے دباؤ بڑھنے لگا، تاہم اگلے ہی ماہ جولائی میں صورتحال میں بہتری نظر آنا شروع ہوئی۔

جس کے بعد اگست میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال بہتر ہوئی اور اب ستمبر میں کیسز کی یومیہ تعداد سیکڑوں جبکہ اموات ایک ہندسے میں پہنچ گئی ہے۔

ستمبر میں بھی مجموعی صورتحال اسی طرح رہی تاہم کچھ روز سے ملک کے کچھ مقامات پر کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

آج (25 ستمبر) کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبے میں چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 242 نئے کیسز اور 4 اموات سامنے آئیں۔

اس اضافے کے بعد سندھ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 35 ہزار 488 اور مجموعی اموات 2481 ہوگئی ہیں۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 178 کیسز رپورٹ ہوئے جو ایک طویل عرصے بعد اتنی زیادہ تعداد ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 178کیسز کے بعد مجموعی تعداد 98 ہزار 864 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 36 افراد کو متاثر کرگیا۔

سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں 36 نئے مریضوں کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 16 ہزار 324 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

ملک کے دوسرے نمبر پر کم متاثرہ حصے گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے مزید 36 افراد متاثر ہوئے جبکہ ایک فرد کا انتقال بھی ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق ان 36 مریضوں کے بعد کیسز کی تعداد 3 ہزار 608 ہوگئی۔

اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال کرجانے سے وہاں مجموعی اموات کی تعداد 84 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

ملک میں سب سے کم متاثرہ حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس مزید 19 افراد کو متاثر کرگیا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر میں 19 نئے مریضوں نے مجموعی کیسز کی تعداد کو 2 ہزار 610 تک پہنچا دیا۔

صحتیاب افراد

ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد میں بہتری آرہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 348 افراد وائرس سے شفا پاچکے ہیں۔

صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ دیگر مریضوں کے لیے اُمید کی کرن ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب ہونے والے مریضوں کے بعد مجموعی تعداد 2 لاکھ 94 ہزار 740 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 309257

اموات: 6448

صحتیاب: 294740

فعال کیسز: 8069

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 35 ہزار 488 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 98 ہزار 864 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 37 ہزار 525 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 14 ہزار 838 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 324، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 608 اور آزاد کشمیر میں 2 ہزار 610 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2481

پنجاب: 2229

خیبرپختونخوا: 1258

بلوچستان: 145

اسلام آباد: 181

گلگت بلتستان: 84

آزاد کشمیر: 70

اربوں روپے کے موٹرسائیکل اسکینڈل میں ایک اور ملزم گرفتار

صحت انصاف کارڈ کا نام تبدیل کرنے، پی ٹی آئی کا پرچم ہٹانے کا فیصلہ

2 بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے کنسورشیم تشکیل