پاکستان

وزیراعظم نے فلم انڈسٹری کی بحالی کے اقدامات کی منظوری دے دی

میں نے اجلاس میں ورکنگ پیپر تیار کیا اور پیش کیا تھا جسے وزیر اعظم کی جانب منظور کرلیا گیا، معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ
|

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ثقافت اور قومی ورثے کے فروٖغ کے لیے ملک میں فلم انڈسٹری اور سنیما کی بحالی کے اقدامات کی منظوری دے دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے فلم انڈسٹری کی بحالی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے فلم اور سنیما انڈسٹری کی بحالی سے متعلق ایک ورکنگ پیپر پیش کیا تھا جسے وزیر اعظم نے منظور کرلیا۔

اس حوالے سے جب ڈان نے رابطہ کیا تو معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ میں نے اجلاس میں ورکنگ پیپر تیار کیا اور پیش کیا تھا جسے وزیر اعظم کی جانب منظور کرلیا گیا۔

مزید پڑھیں: سینیٹ کمیٹی کا فلم انڈسٹری کی بحالی کا مطالبہ

اجلاس میں فلم اور سنیما انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کو مراعات دینے کا فیصلہ کیا گیا اور انہوں نے معیاری فلمیں بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے بنیادی طور پر ثقافت، قومی ورثے اور لوگوں کے انٹرٹینمنٹ کے فروغ کے لیے فلم انڈسٹری کی بحالی کی حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے ملک میں بننے والی فلموں کی تعداد میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور متعلقہ حلقوں کو فلم سازوں اور فنکاروں کی مالی معاونت کے لیے کے فنڈ قائم کرنے کی ہدایت کی۔  اجلاس میں بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں 70 سنیما اور 150 ملٹی پلیکس اسکرینز ہیں جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ عام آدمی جدید ملٹی پلیکس اسکرینز پر فلمیں دیکھنے کا متحمل نہیں ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ قابل استطاعت لاگت کے ساتھ فلم دیکھنے کے لیے ملک بھر میں سنگل اسکرین سنیما قائم ہونے چاہئیں۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم کو بتایا گیاتھا کہ ایک وقت ایسا تھا جب ملک میں ایک ہزار 150 سے زائد سنیما موجود تھے لیکن سال 2000 میں ان کی تعداد کم ہو کر 25 سے 30 ہوگئی۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر معاون خصوصی برائے اطلاعات عاصم سلیم باجوہ نے وزیراعظم کی زیر صدارت فلم انڈسٹری کی بحالی سے متعلق اجلاس کی تفصیلات بتائی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'حکومت نے فلم انڈسٹری کو صنعت کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے'

انہوں نے لکھا تھا کہ فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات کی اصولی منظوری دے دی گئیی جبکہ ملکی ثقافت اور سماجی اقدار کے فروغ سمیت پروڈکشن کا معیار بہتر بنایا جائے گا۔

معاون خصوصی نے مزید لکھا تھا کہ متعلقہ وزارتوں کو ضروری اقدامات پر عملدرآمد کی ہدایت کردی گئی ہے۔

مذکورہ ٹوئٹ پر اداکار ہمایوں سعید اور گلوکار علی ظفر کی جانب سے فلم انڈسٹری کی بحالی کے اقدامات اٹھانے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا گیا۔

علی ظفر نے لکھا کہ یہ معاملہ سامنے لانے کا بہت شکریہ، یہ اقدامات پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے گیم چینجر ثابت ہوں گے۔

علاوہ ازیں ہمایوں سعید نے وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ امید ہے ان اقدامات پر جلد عمل بھی کیا جائے گا۔

بلوچستان: سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 'دہشت گرد' ہلاک

ہتک عزت کا دعویٰ: میشا شفیع 28 ستمبر کو طلب

امریکا: نائٹ پارٹی میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک، 14 زخمی