ملک ریاض کا داماد ساڑھے 9 ارب روپے کی پلی بارگن پر مقدمات سے بری
اسلام آباد: احتساب عدالت نے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کے داماد زین ملک کے جعلی اکاؤنٹس سے متعلق 6 کیسز میں بریت کی منظوری دے دی۔
واضح رہے کہ زین ملک کی جانب سے جعلی اکاؤنٹس سے متعلق 6 کیسز میں پلی بارگین میں ساڑھے 9 ارب روپے دینے کے وعدے کے بعد یہ بریت منظور کی گئی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے احتساب عدالت میں ادائیگی کا شیڈول جمع کروایا گیا۔
مزید پڑھیں: نیب ملک ریاض کے ٹھکانے سے لاعلم، جج کا اظہار برہمی
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے زین ملک کی 3 زیر سماعت کیسز میں بریت کی درخواستوں پر سماعت کی اور انہیں منظور کیا۔
زین ملک نے نیب راولپنڈی ڈائریکٹریٹ کو 3 سال میں ایک کیس میں اپنی 6 جائیدادیں گروی رکھنے اور 4 ارب روپے دینے، دوسرے کیسز میں 3 کروڑ 70 لاکھ روپے دینے جبکہ تیسرے کیس میں 17 کروڑ روپے کا وعدہ کیا، وہ یہ رقم 3 ماہ کے وقفے میں قسطوں کی صورت میں ادا کریں گے۔
خیال رہے کہ عدالت میں سماعت کے دوران زین ملک نے برطانیہ سے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
جب جج کی جانب سے ملک ریاض کے داماد سے پوچھا کہ آیا وہ پلی بارگین کے ذریعے بری ہونے کے نتائج جانتے ہیں تو اس پر انہوں نے ہاں میں جواب دیا۔
یہ بھی پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس: ملک ریاض کے بیٹے اور داماد کے خلاف ریفرنس دائر
پلی بارگین کے تحت بریت سے ملزم کیس سے بری الذمہ نہیں ہوجاتا کیونکہ بری ہونے کے باوجود سزا برقرار رہتی ہے۔
واضح رہے کہ زین ملک پنک ریزیڈنسی، غیرقانونی الاٹمنٹ اور میگا منی لانڈرنگ کے جعلی اکاؤٹس کیس میں ملزم ہیں۔
اس کے علاوہ وہ کراچی کے آئیکون ٹاور کیس میں بھی ملزم ہیں اور انہیں اس کیس میں پلی بارگین کے ذریعے بریت کے لیے احتساب عدالت میں باضابطہ طور پر درخواست دینا ہوگی۔
یہ خبر 25 اگست 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی