پاکستان

سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز بڑی کمی

مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 2900 اور 2487 روپے کی کمی ہوئی۔

عالمی مارکیٹ میں قیمت میں کمی کے بعد مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا مزید 2900 روپے سستا ہوگیا۔

عالمی مارکیٹ میں منگل کو سونے کی فی اونس قیمت میں 47 ڈالر کی کمی واقع ہوئی اور یہ 2 ہزار سے کم ہو کر 1988 ڈالر کی سطح پر آگئی۔

اس کا اثر مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی دکھائی دیا جہاں فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 2900 اور 2487 روپے کی کمی ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار روپے کمی

قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں مقامی مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت کم ہو کر ایک لاکھ 26 ہزار 100 روپے ہوگئی، جبکہ دس گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ 8 ہزار 110 روپے کی سطح پر آگئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کے بعد مقامی مارکیٹ میں بھی فی تولہ سونا 3 ہزار روپے سستا ہوگیا تھا۔

پیر کو عالمی مارکیٹ میں خالص سونے کی فی اونس قیمت میں 24 ڈالر کی کمی واقع ہوئی جس کے بعد یہ 2030 ڈالر کی سطح پر آگیا تھا۔

مزید پڑھیں: سونے کی قیمت میں ایک دن میں 4800 روپے کا اضافہ

خیال رہے کہ تقریباً دو ہفتے قبل عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 9 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ کر 46 ڈالر کے اضافے سے ایک ہزار 942 ڈالر ہوگئی تھی۔

ماہرین چین اور بھارت کی جانب سے سونے کی بڑھتی ہوئی خریداری، امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی میں اضافے سے اہم کرنسیوں کی قدر میں کمی، سونے میں سرمایہ کاری بڑھنے اور کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے معاشی بحران کو مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں اس قدر اضافے کی وجہ قرار دے رہے ہیں۔