پاکستان

کراچی میں نوبیاہتا جوڑے کی تشدد زدہ لاشیں برآمد

پولیس کو دوہرے قتل میں لڑکی کے سابق منگیتر کے ملوث ہونے کا شبہ ہے، خاتون کے والد نے بھی سابق منگیتر پر قتل کا الزام لگا دیا، رپورٹ
|

کراچی: پولیس کا کہنا ہے کہ کورنگی کی عوامی کالونی میں ایک نئے شادی شدہ جوڑے کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس کو دوہرے قتل میں لڑکی کے سابق منگیتر کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔

علاقے کے ایس ایچ او ہمایوں احمد خان کا کہنا تھا کہ گلشن لطیف میں ایک گھر سے 35 سالہ میر حسن اور ان کی 27 سالہ اہلیہ شبانہ کی لاشیں ملیں۔

مزید پڑھیں: کراچی میں غیرت کے نام پر نوجوان لڑکا اور لڑکی قتل

ان کا کہنا تھا کہ جوڑے کی موت تقریباً 5 سے 6 دن قبل ہوئی تھی جبکہ دونوں کو بھاری پتھروں سے قتل کیا گیا تھا جو ان کے سروں پر مارے گئے تھے۔

علاوہ ازیں دونوں لاشوں کو طبی و قانونی کارروائی پوری کرنے کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) منتقل کردیا گیا۔

افسر کا کہنا تھا کہ خاتون کی بچپن سے ہی اپنے آبائی علاقے ضلع سجاول میں کسی سے منگنی ہوئی وی تھی لیکن خاتون اسے پسند نہیں کرتی تھی اور اس نے رضامندی کے ساتھ ڈیڑھ ماہ قبل میر حسن سے شادی کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ جوڑے کو قتل کرنے کے بعد خاتون کے سابق منگیتر نے مقتولہ کے والد کو آگاہ کیا کہ اس نے جوڑے کو قتل کردیا ہے اور وہ ان کی لاشیں لے لے۔

بعد ازاں پولیس نے متاثرہ خاتون کے والد کے ساتھ دونوں لاشوں کو برآمد کرلیا۔

اگرچہ خاتون کے والد نے پولیس کو بتایا کہ انہیں یقین ہے کہ ان کی بیٹی کا سابق منگیتر اس واقعے میں ملوث ہے پولیس خاتون کے والد کی جانب سے باقاعدہ ایف آئی آر درج کروانے کا انتظار کررہی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے ناظم آباد میں پسند کی شادی کرنے والے نوبیاہتا جوڑے کو مبینہ طور پر چاقو اور کلہاڑی کے وار سے قتل کردیا گیا تھا۔

پولیس نے بتایا تھا کہ 60سالہ محمد سلیم قریشی اور ان کی 28 سے 30 سالہ بیوی حنا کو ناظم آباد نمبر ایک میں مبینہ طور پر لڑکی کے رشتے داروں نے 'ذاتی وجوہات' کی بنا پر قتل کیا۔

رضویہ سوسائٹی تھانے کے ایس ایچ او مظفر علی نے بتایا تھا کہ جوڑے نے 4 سے 5 ماہ قبل اپنی مرضی سے شادی کی تھی اور یہ سلیم قریشی کی دوسری شادی تھی۔

شادمان ٹاؤن میں نوجوان قتل

علاوہ ازیں ایک اور واقعے میں شادمان ٹاؤن میں 17 سالہ نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: 'غیرت کے نام' پر بیوی کا قتل

پولیس کا کہنا تھا کہ رضا حسین پر سیکٹر 14 بی شادمان نمبر 2 میں ایک موٹرسائیکل سوار نے فائرنگ کی، جس کے بعد لاش کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ترجمان پولیس کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ لڑکے کو ڈکیتی مزاحمت کے دوران قتل کیا گیا۔

تاہم شاہراہ نورجہاں کے ایس ایچ او امداد علی خواجہ سمجھتے ہیں کہ ابھی قتل کا مقصد واضح نہیں کیونکہ اس سے کچھ نہیں چھینا گیا تھا۔

بیروزگار خواتین کرکٹرز کیلئے 3ماہ کے امدادی پیکج کا اعلان

پاکستان میں کورونا وائرس بے اثر ہونے لگا، فعال کیسز 20 ہزار تک رہ گئے

پی آئی اے 14اگست سے برطانیہ کیلئے جزوی طور پر فلائٹس شروع کردے گا