پاکستان

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد 5 ہزار 967 ہوگئی، 88 فیصد مریض صحتیاب

وبا سے اب تک 2 لاکھ 78 ہزار 892 افراد متاثر ہوچکے ہیں، 2 لاکھ 47 ہزار 177 صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے۔
|

پاکستان میں کورونا وائرس کے روزانہ سامنے آنے والے کیسز میں کمی آئی ہے تاہم وبا کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے۔

ملک میں کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 سے اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 78 ہزار 892 ہوگئی ہے جن میں سے 5 ہزار 967 مریض انتقال کرچکے ہیں اور 2 لاکھ 47 ہزار 177 صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے۔

آج (31 جولائی) کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید 855 مریض اور 21 اموات رپورٹ ہوئیں، جس میں سندھ کے گزشتہ روز کے کیسز آج شامل کیے جانے پر مجموعی کیسز 1353 اور اموات 41 رہیں۔

اس کے علاوہ آج مزید ایک ہزار 46 مریض شفایاب ہوئے۔

ملک میں بڑی تعداد میں لوگوں کے شفایاب ہونے سے مجموعی متاثرین میں سے تقریباً 88 فیصد لوگ صحتیاب ہوگئے اور فعال کیسز صرف 25 ہزار 748 رہ گئے ہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا، ان 5 مہینوں میں مئی اور جون کے دوران وبائی صورتحال خاصی تشویشناک رہی تاہم جولائی کے آغاز سے ملک میں یومیہ کیسز کی تعداد میں کمی سامنے آنے لگی۔

آج (31 جولائی) کو ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

30 جولائی کو سندھ میں مزید 498 کیسز اور 20 اموات سامنے آئیں۔

جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار 550 اور اموات کی تعداد 2 ہزار 209 ہوگئی۔

31 جولائی کو سندھ میں مزید 489 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور 11 اموات رپورٹ ہوئیں۔

جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 21 ہزار 39 تک جا پہنچی اور اب تک صوبے میں 2 ہزار 220 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں مزید 98 افراد کووِڈ 19 کا شکار بنے اور 5 اموات سامنے آئیں۔

محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مریضوں کی مجموعی تعداد 34 ہزار 56 جبکہ اموات کی تعداد 1199 ہوگئی۔

پنجاب

پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس نے مزید 218 افراد کو متاثر کیا جبکہ 2 مریض انتقال کر گئے۔

سرکاری سطح پر کووِڈ 19 کی صورتحال پر نظر رکھنے والے پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 218 افراد کے متاثر ہونے سے مجموعی کیسز کی تعداد 92 ہزار 873 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ 2 افراد کے انتقال کرجانے سے یہ تعداد 2138 سے بڑھ کر 2140 تک جاپہنچی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 27 افراد کو متاثر کیا اور خوش قسمتی سے کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد وہاں مجموعی کیسز 15 ہزار 14 تک پہنچ گئے۔

آزاد کشمیر

ملک میں وائرس سے سب سے کم متاثر ہونے والے علاقے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے کیسز 2 ہزار 73 ہوگئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8 نئے مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 3 مریض انتقال کر گئے۔

یوں آزاد کشمیر مں اب تک اس وبا کے باعث 54 افراد انتقال کر چکے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 15 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی اور کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

ان نئے 15 مریضوں کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز 2 ہزار 105 تک جاپہنچے۔

صحتیاب افراد

ملک میں کورونا کیسز میں کمی کے ساتھ صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں ایک ہزار 46 مریض شفایاب ہوئے۔

جس کے بعد ملک میں مجموعی طور پر وائرس سے شفاپانے والوں کی تعداد 2 لاکھ 47 ہزار 177 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 278892

اموات: 5967

صحتیاب: 247177

فعال کیسز: 25748

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 21 ہزار 39 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 92 ہزار 873 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 34 ہزار 56 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 732 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 14، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 73 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 105فراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2220

پنجاب: 2140

خیبرپختونخوا: 1199

بلوچستان: 136

اسلام آباد: 165

آزاد کشمیر: 54

گلگت بلتستان: 53

پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 78 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات ساڑھے 5 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کورونا وائرس سے محفوظ کچھ افراد میں اس کے خلاف مدافعت کی موجودگی کا انکشاف

کووڈ 19 کے نتیجے میں ہواوے نے ناممکن کو ممکن کردکھایا

وہ ملک جو دنیا کی پہلی کووڈ 19 ویکسین کی منظوری دینے کے قریب