پاکستان

ملک میں کورونا کیسز میں 2005، صحتیاب افراد کی تعداد میں 5 ہزار 217 کا اضافہ

ملک میں مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 52 ہزار 982 جبکہ اموات 5304 ہوگئیں، وائرس سے شفا پانے والے ایک لاکھ 61 ہزار 917 تک پہنچ گئے۔
|

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال میں کچھ حد تک بہتری آرہی ہے اور کیسز اور اموات کی تعداد میں کمی دیکھی گئی ہے۔

ملک میں مجموعی طور پر مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 52 ہزار 982 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 5 ہزار 304 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں پیر کو 1977 نئے کیسز اور 54 اموات کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ 5 ہزار 217 افراد صحتیاب ہوگئے، تاہم 28 کیسز بلوچستان کے گزشتہ روز کے اعداد و شمار آج سامنے آئے تو یوں کیسز میں 2005 کا اضافہ ریکارڈ ہوا۔

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی تعداد میں کمی دیکھی گئی ہے یومیہ 5 سے 6 ہزار تک آنے والے کیسز اب 2 سے 3 ہزار تک پہنچ گئے ہیں جبکہ یومیہ 100 سے زائد اموات بھی کم ہوکر 2 ہندسوں پر آگئی ہیں۔

یہی نہی بلکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافے نے ملک میں فعال کیسز کی تعداد کو بھی کافی حد تک کم کردیا ہے اور اس وقت ملک میں 64 فیصد سے زائد لوگ شفایاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں 26 فروری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد اس کو یہاں ساڑھے 4 ماہ کا عرصہ گزرچکا ہے اور اس دوران کیسز کی تعداد میں بلندی بھی دیکھی گئی۔

فروری کے آخری 4 روز سے مارچ کی 31 تاریخ تک ملک میں 2 ہزار کے لگ بھگ کیسز اور26 اموات رپورٹ ہوئی تھیں۔

اپریل کے اختتام تک کیسز بڑھ کر ساڑھے 16 ہزار جبکہ اموات 385 تک پہنچ گئیں تاہم مئی میں صورتحال کافی تبدیل ہوئی اور کیسز 71 ہزار اور اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

جون کے مہینے میں صورتحال مکمل تبدیل ہوگئی اور کیسز بڑھ کر 2 لاکھ 12 ہزار اور اموات 4300 سے تجاوز کر گئیں جبکہ جولائی کے ابتدائی 12 روز کے دوران ملک میں تقریباً 38 ہزار نئے کیسز اور 900 سے قریب اموات رپورٹ ہوئیں۔

آج (13 جولائی) کو بھی پاکستان میں کیسز اور اموات کی تعداد میں اضافہ ہوا۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 1089 نئے کیسز اور 31 اموات کا اضافہ ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 ہزار 929 ٹیسٹ کیے گئے جس میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 89 نئے کیسز آئے اور اسطرح مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 6 ہزار 622 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 31 اموات بھی ہوئیں اور اس طرح مجموعی اموات 1826 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 487 نئے کیسز اور 7 اموات کا اضافہ ہوا۔

سرکاری سطح پر قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مجموعی کیسز 487 کے اضافے سے 87 ہزار 43 تک پہنچ گئے۔

اس اضافے کے ساتھ ہی صوبے میں 7 اموات کا اضافہ ہوا اور یہ تعداد 2013 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 85 افراد کو متاثر کیا جبکہ ایک فرد انتقال کرگیا۔

اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 85 افراد ایسے تھے جن میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور مجموعی کیسز 14 ہزار 108 تک پہنچ گئی۔

مزید برآں ایک اور فرد کے انتقال سے وہاں اب تک مجموعی اموات کی تعداد 153 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے مزید 261 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 30 ہزار 747 ہوگئی۔

صوبے میں گزشتہ دنوں 4 اموات سمیت 7 مریض جاں بحق ہوئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 1106 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

ادھر بلوچستان میں 12 جولائی کو 28 کیسز کا اضافہ ہوا، تاہم یہ اعداد و شمار 13 جولائی کو ریکارڈ پر آئے۔

سرکاری سطح پر جاری رپورٹ کے مطابق صوبے میں 12 جولائی کو مزید 28 افراد میں وائرس کی تشخیص سے یہ تعداد 11 ہزار 185 تک پہنچ گئی۔

صوبے میں 13 جولائی کو کورونا کے مزید 7 کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 11 ہزار 192 ہوگئی۔

بلوچستان میں پیر کے روز وائرس سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی، یوں اموات 126 پر برقرار ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی صورتحال میں تبدیلی آرہی ہے اور وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 13 نئے مریض سامنے آئے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 13 نئے کیسز کے بعد مجموعی طور پر کیسز کی تعداد ایک ہزار 671 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے کیسز میں تھوڑا اضافہ دیکھا جارہا ہے اور اب اس کے اور گلگت بلتستان کے کیسز کی تعداد میں زیادہ فرق نہیں ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 35 افراد متاثر ہوئے اور یوں مجموعی کیسز 1599 تک پہنچ گئے۔

اس کے علاوہ وہاں مزید ایک فرد کا انتقال ہوا اور اموات کی مجموعی تعداد 44 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

علاوہ ازیں ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے جو امید کا باعث ہے۔

سرکای اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5 ہزار 217 افراد میں اضافہ ہوا اور یہ ایک لاکھ 61 ہزار 917 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 252982

اموات: 5304

صحتیاب: 161917

فعال کیسز: 85761

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 6 ہزار 622 ہیں تو وہیں پنجاب میں 87 ہزار 43 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 30 ہزار 747 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 192 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 108، گلگت بلتستان میں 1671 اور آزاد کشمیر 1599 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 2013

سندھ: 1826

خیبرپختونخوا: 1106

بلوچستان: 126

اسلام آباد: 153

آزاد کشمیر: 44

گلگت بلتستان: 36


پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 5 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

ابو ظبی فنڈ فار ڈیولپمنٹ نے قرض ادائیگیاں معطل کردی، پاکستان کو ریلیف ملنے کا امکان

قومی اسمبلی میں آج انسداد دہشت گردی (ترمیمی) بل 2020 پر بحث ہوگی

سعودی عرب: 160 ممالک کے شہریوں کو حج کیلئے منتخب کرلیا گیا