پاکستان میں کورونا کیسز 2 لاکھ 35 ہزار سے زائد، تقریباً ایک لاکھ 35 ہزار صحتیاب
پاکستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں اگرچہ کچھ حد تک کمی ہوئی ہے لیکن اس کے باجود نئے کیسز اور اموات کے بعد اب تک مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 36 ہزار 422 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اموات 4 ہزار 888 ہوچکی ہیں۔
ملک میں آج (7 جولائی) کو 2749 نئے کیسز اور 70 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 3308 افراد شفایاب ہوگئے۔
اگرچہ ملک میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز کی تعداد میں کچھ حد تک کمی ہوئی ہے تاہم اب بھی ہزاروں کی تعداد میں لوگ روزانہ متاثر ہورہے ہیں جبکہ درجنوں اپنی زندگی سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔
اس وائرس کی روک تھام کے لیے اب حکومت اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی اپنا رہی ہے اور زیادہ متاثر علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا اور اب تک کیسز کے لحاظ سے سب سے خطرناک مہینہ جون ثاب ہوا تھا۔
اب تک کی صورتحال کا جائزہ لیں تو پہلے کیس سے مارچ کے آخر تک تقریباً 2 ہزار لوگ متاثر ہوئے تھے جبکہ 26 اموات ہوئیں تھیں، تاہم اپریل کے اختتام تک یہ کیسز ساڑھے 16 ہزار سے زائد ہوگئے اور اموات 385 تک پہنچ گئیں۔
تاہم مئی میں صورتحال تبدیل ہونا شروع ہوئی اور 31 تاریخ تک مجموعی کیسز 71 ہزار اور اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں، جس کے بعد جون میں ایک ماہ کے دوران ہی کورونا وائرس کے کیسز ایک بڑے اضافے سے 2 لاکھ 12 ہزار جبکہ اموات 4300 سے تجاوز کرگئیں۔
جولائی میں بھی ابتدائی 6 روز میں 20 ہزار سے زائد کیسز اور تقریباً 500 اموات کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔
آج (7 جولائی) کو ملک میں نئے کیسز اور اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا۔
سندھ
سندھ میں کورونا وائرس سے مزید 1388 افراد متاثر جبکہ 42 زندگی کی بازی ہار گئے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 388 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
تاہم مجموعی کیسز میں گزشتہ روز کے اعداد و شمار کے مقابلے میں 2 کی ایڈجسٹمنٹ کے بعد یہ تعداد 97 ہزار 626 ہوگئی۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں مزید 42 افراد زندگی کی بازی بھی ہار گئے جس سے مجموعی اموات 1614 تک پہنچ گئیں۔
پنجاب
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس نے 706 افراد کو متاثر کیا جبکہ مزید 15 افراد جان سے گئے۔
سرکاری سطح پر قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں مزید 706 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس سے مجموعی متاثرین 82 ہزار 669 تک پہنچ گئے۔
اس کے ساتھ ساتھ 15 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے اموات کی تعداد 1899 ہوگئی۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اس وائرس نے مزید 63 افراد کو متاثر کیا اور 3 افراد انتقال کرگئے۔
اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں مزید 63 افراد متاثر ہوئے جس سے یہ تعداد 13 ہزار 557 تک پہنچ گئی۔
اسی طرح 3 افراد وائرس کے باعث انتقال کرگئے جس سے مجموعی اموات 140 تک جاپہنچی۔
خیبر پختونخوا
محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 445 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 28 ہزار 681 ہوگئی،
صوبے میں مزید 7 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 1045 ہوگئی ہے۔
بلوچستان
محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا کے مزید 78 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہزار 919 ہوگئی۔
صوبے میں وائرس سے مزید ایک مریض کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی جس کے بعد بلوچستان میں اموات کی تعداد 124 ہوگئی ہے۔
بلوچستان میں گزشتہ روز وبا کے 27 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔
گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 26 کیسز اور 2 اموات کا اضافہ ہوا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 26 افراد کے متاثر ہونے سے یہ تعداد ایک ہزار 587 تک پہنچ گئی۔
علاوہ ازیں 2 افراد کے انتقال کرجانے سے علاقے میں اموات کی تعداد 30 ہوگئی۔
آزاد کشمیر
ملک میں سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں بھی 41 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
ان نئے اعداد وشمار کے بعد وہاں اب تک مجموعی متاثرین کی تعداد 41 کیسز کے اضافے سے ایک ہزار 383 ہوگئی۔
صحتیاب افراد
ملک میں کیسز کے باجود صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور مزید 3 ہزار 308 افراد شفایاب ہوگئے۔
ملک میں اس وقت صحتیاب ہونے والوں کی تعداد فعال کیسز سے زیادہ ہے جو ایک امید کی کرن ہے۔
ان نئے اعداد و شمار کے بعد ملک میں مجموعی طور پر شفاپانے والوں کی تعداد ایک لاکھ 34 ہزار 957 ہوگئی۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 236422
اموات: 4888
صحتیاب: 134957
فعال کیسز: 96577
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 97 ہزار 626 ہیں تو وہیں پنجاب میں 82 ہزار 669 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 28 ہزار 681 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار 919 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 13 ہزار 557، گلگت بلتستان میں 1587 اور آزاد کشمیر 1383 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:
پنجاب: 1899
سندھ: 1614
خیبرپختونخوا: 1045
بلوچستان: 124
اسلام آباد: 140
آزاد کشمیر: 36
گلگت بلتستان: 30
پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔
تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات ساڑھے 4 ہزار سے زائد ہیں۔
ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔