پاکستان

شوال کا چاند نظر آگیا، عید الفطر اتوار کو منانے کا اعلان

ملک کے مختلف مقامات سے چاند دیکھے جانے کی شہادتیں موصول ہوئیں، مفتی منیب الرحمٰن

مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے شوال کا چاند نظر آنے اور عیدالفطر 24 مئی بروز اتوار منانے کا اعلان کردیا

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمٰن نے کہا کہ 'پاکستان میں بیشتر مقامات پر مطلع صاف تھا، چمن اور پسنی سے چاند دیکھے جانے کی شہادتیں موصول ہوئیں، دیگر مقامات سے بھی چاند دیکھے جانے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔'

انہوں نے کہا کہ 'شہادتیں کافی موصول ہوئیں جن میں سے چند پر ہم نے اعتبار نہیں کیا، شہادتوں کا ہر پہلو سے جائزہ لینے کے بعد ہم نے فیصلہ کیا کہ شوال کا چاند نظر آگیا ہے اور عید الفطر 24 مئی بروز اتوار ہوگی۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ چاند بہت حساس تھا کیونکہ جنوبی علاقوں میں امکان رویت موجود تھا اس لیے اس طرف زیادہ توجہ دی گئی۔'

'فواد چوہدری پر وزارت تک محدود رہنے کی پابندی لگنی چاہیے'

مفتی منیب الرحمٰن نے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'فواد چوہدری کی کوئی حیثیت نہیں ہے، ہم شریعت کے پابند ہیں، انہوں نے گزشتہ ماہ بھی چاند سے متعلق بتایا تھا لیکن ہم نے شریعت کے مطابق فیصلہ کیا۔'

انہوں نے کہا کہ 'فواد چوہدری کو دین میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے، ہم ان کی دین میں مداخلت کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ہم وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فواد چوہدری کو اس سے روکیں۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'وفاقی وزیر نے ایک ماہ قبل کہا تھا کہ ہم چاند پر لوگ بھیجیں گے تو وہ اس کام پر لگ جائیں، انہوں نے عالمی معیار کے وینٹی لیٹرز بنا کر دنیا بھر میں برآمد کرنے کی بات کی تو وہ یہ کرکے دکھا دیں، ان کی کچھ محرومیاں اور مایوسی ہے اس کے لیے دین کو نشانہ نہ بنائیں۔'

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ 'نہ جانے کابینہ میں کیا مسئلہ ہے کہ ایک وزیر کا رخ کسی طرف ہوتا تو دوسرے کا کسی دوسری طرف، فواد چوہدری پر ان کی اپنی وزارت تک محدود رہنے کی پابندی لگنی چاہیے۔'

قبل ازیں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کے کراچی کے دفتر میں مفتی منیب الرحمٰن کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کے اراکین کے علاوہ محکمہ موسمیات کے ماہرین بھی شریک تھے۔

ملک کے دیگر صوبوں میں رویت ہلال کی زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی منعقد ہوئے۔

واضح رہے کہ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ان کی وزارت کے تیار کردہ چاند کے کیلینڈر کے مطابق پاکستان میں کل (24 مئی کو) عیدالفطر ہوگی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ آج سانگھڑ، پسنی، جیونی، بدین اور ٹھٹہ میں 7 بجکر 36 منٹ سے لے کر 8 بج کر 14 منٹ کے درمیان چاند دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عید کا شرعی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی، وزیر مذہبی امور

وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ پشاور میں مفتی پوپلزئی نے کل عید منانے اعلان کیا ہے حالانکہ پشاور میں آج بھی چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے فواد چوہدری کی جانب سے عید کی تاریخ کا اعلان کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید کا شرعی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی آج کراچی میں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ عید کا شرعی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی آج کراچی میں کرے گی اور کمیٹی کے فیصلے کے مطابق پاکستان کے عوام اور حکومت عید منائے گی۔

نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ شریعت اور دین چاند کی رویت اور شہادت پر اعتماد کرتی ہے، شہادت اور رویت کے لیے سائنس اور جدید آلات کی معاونت لی جا سکتی ہے۔