پاکستان

لاہور میں ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر درجنوں دکانیں سیل

ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر ضلعی انتظامیہ نے شاہ عالم مارکیٹ میں 45 جبکہ چونگی امرسدھو میں 7 دکانیں سیل کر دیں۔
|

حکومت کی طرف سے کورونا کی روک تھام کے لیے جاری کردہ معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) پرعمل نہ کرنے پر لاہور میں متعدد دکانوں اور بازاروں کو سیل کردیا گیا۔

کورونا وائرس کے ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر ضلعی انتظامیہ نے شاہ عالم مارکیٹ میں 45 جبکہ چونگی امرسدھو میں 7 دکانیں سیل کر دیں۔

انتظامیہ کے مطابق مارکیٹوں میں دکانوں پر خریداروں کا رش دیکھنے میں آیا تھا اور دکانوں میں خریدار اور دکاندار ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے۔

یہ ایس او پیز دکانداروں کے لیے جاری کیے گئے تھے تاکہ وہ کورونا وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ان پر عمل کریں، ان ایس او پیز میں اسٹورز میں ہینڈ سینیٹائزر کی دستیابی اور معاشرتی فاصلے کو برقرار رکھنے کو یقینی بنانے جیسے طرز عمل شامل ہیں۔

دوسری جانب وزیر قانون پنجاب راجا بشارت کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے آئندہ پیر سے لاک ڈاؤن پر سختی سے عملدرآمد کروانے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گل پلازہ اور زینب مارکیٹ بند

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں کی تین دن بندش کے فیصلے پر بھی سختی سے عمل کروایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ لاک ڈاؤن نرمی کے دوران اکثر بازاروں میں ایس او پیز پر عمل نہیں کیا گیا، مارکیٹوں میں معمول سے زیادہ رش اور ایس او پیز کی کھلی خلاف ورزی نظر آئی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ دکانداروں کی ذمہ داری تھی کہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کرتے اور کرواتے۔

واضح رہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گزشتہ روز کراچی میں معروف گل پلازہ، زینب مارکیٹ سمیت مختلف بازاروں اور دکانوں کو بند کردیا گیا تھا۔

کمشنر کراچی افتخار شلوانی کا کہنا تھا کہ ضلع جنوبی میں زینب مارکیٹ اور گل پلازہ جبکہ ضلع شرقی میں دکانوں کے اندر ہجوم کے باعث لائم لائٹ، شو پلینیٹ اور اسٹائلو کے اسٹورز کو بھی بند کیا گیا۔

ڈان ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے کمشنر کراچی نے کہا کہ مذکورہ دکانوں کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے سے متعلق جاری کے گئے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا۔

مزید پڑھیں: 'ہم لاک ڈاؤن کے فیز 2 میں جارہے ہیں عوام کی زندگی ان کے اپنے ہاتھ میں ہے'

انہوں نے کہا کہ ان تمام مارکیٹوں میں میرے دوروں اور انتباہ کے باوجود ایس او پیز پر عمل نہیں کیا جارہا تھا۔

آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان بازاروں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی ہو رہی تھی جس کی وجہ سے انہیں بند کیا گیا۔

عتیق میر نے کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دکانیں اور مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ درست ہے۔

واضح رہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد ملک کے تقریباً تمام بڑے شہروں میں مارکیٹوں اور بازاروں میں لوگوں کا بے پناہ رش نظر آرہا ہے اور وہ ایس او پیز کو یکسر انداز کر رہے ہیں، جس سے ملک میں کورونا کی وبا مزید تیزی سے پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

دنیا بھر میں ریسٹورنٹس سماجی دوری کو کیسے یقینی بنارہے ہیں؟

وزیر خزانہ بلوچستان ظہور بلیدی کورونا وائرس کا شکار

مسجد الحرام میں تیسری توسیع کا کام دوبارہ شروع