روس میں کورونا کے مریض اٹلی سے بھی زیادہ
روس میں 11 مئی کو نئے 11 ہزار سے زائد کیسز سامنے آنے کے بعد وہاں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 21 ہزار سے زائد ہوگئی۔
ترک خبر رساں ادارے اناطولو کے مطابق 11 مئی کو 11 ہزار 656 نئے کیسز کے بعد روس عالمی سطح پر مریضوں کے حوالے سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آ چکا تھا۔
کورونا کے مریضوں کے حوالے سے امریکا اور برطانیہ کے بعد سب سے زیادہ مریض روس میں تھے تاہم 11 مئی کی شام کو برطانیہ اور اسپیین میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد روس چوتھے نمبر پر چلا گیا۔
کورونا کے مریضوں کے حوالے سے پہلے نمبر پر 13 لاکھ 32 ہزار مریضوں کے ساتھ امریکا سر فہرست ہے جب کہ کورونا کے مریضوں کے حوالے سے 11 مئی کی شام تک اسپین دوسرے نمبر پر پہنچ چکا تھا تاہم 11 مئی کی صبح تک برطانیہ دوسرے نمبر پر تھا۔
اسپین میں 11 مئی کی شام تک مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 24 ہزار 350 تک جا پہنچی تھی جب کہ برطانیہ 2 لاکھ 24 ہزار 327 مریضوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھا۔
یہ بھی پڑھیں: روس: کورونا کی غلط معلومات پھیلانے پر 5 سال کی سزا
برطانیہ اور اٹلی میں حکومتوں کی جانب سے شام کے وقت روزانہ نئے کیسز کا اعلان کیا جاتا ہے جب کہ روس کی جانب سے رات اور صبح کے اوقات میں نئے کیسز کی تصدیق کی جاتی ہے۔
11 مئی کی صبح تک روس اگرچہ کورونا کے مریضوں کے حوالے سے تیسرے نمبر پر تھا تاہم شام تک وہ چوتھے نمبر پر پہنچ گیا تھا۔
کورونا کے مریضوں کے حوالے سے اٹلی 2 لاکھ 19 ہزار سے زائد مریضوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر تھا جب کہ فرانس ایک لاکھ 77 ہزار مریضوں کے ساتھ چھٹے نمبر پر تھا۔
دنیا بھر میں 11 مئی کی شام تک کورونا کے مجموعی مریضوں کی تعداد بڑھ کر 41 لاکھ 36 ہزار سے زائد ہوچکی تھی جب کہ ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھ کر 2 لاکھ 83 ہزار تک جا پہنچی تھی۔
ہلاکتوں کے حوالے سے بھی امریکا 79 ہزار 600 سے زائد ہلاکتوں کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ ہلاکتوں کے حوالے سے برطانیہ 32 ہزار 140 ہلاکتوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر اور 30 ہزار 560 ہلاکتوں کے ساتھ اٹلی تیسرے نمبر پر تھا۔
مزید پڑھیں: کورونا کا خوف، روس میں لوگوں کی منفرد ذخیرہ اندوزی
حیران کن طور پر اگرچہ روس میں کورونا کے مریض تیزی سے سامنے آ رہے ہیں تاہم وہاں ہلاکتوں کا تناسب کافی کم ہے اور 11 مئی کی شام تک وہاں صرف 2009 ہلاکتیں ہی ہوئی تھیں۔
خیال رہے کہ روسی وزیر اعظم میخائل میشوتن سمیت روسی وزیر ثقافت اولگا لیبیموفا سمیت کئی اعلیٰ حکومتی عہدیدار بھی کورونا میں مبتلا ہیں جب کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کے ارکان سمیت سیکیورٹی فورسز کے عہدیدار بھی کورونا کا شکار بن چکے ہیں۔
روس نے 11 مئی کی شام تک ملک بھر میں 55 لاکھ سے زائد افراد کے ٹیسٹ مکمل کرلیے تھے۔