پاکستان

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ان کے 2 بچے کورونا وائرس کا شکار

میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد میں نے خود کو اپنے گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے، اسد قیصر
| |

قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر اور ان کے 2 بچے بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ 'میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد میں نے خود کو اپنے گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔'

انہوں نے پوری قوم سے احتیاط کرنے اور ان کی صحتیابی کی دعا کی درخواست کی۔

اسپیکر اسمبلی اسد قیصر نے اپنے بچوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق بھی کی۔

بعد ازاں چیئرمین صادق سنجرانی و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے اسد قیصر کو ٹیلی فون کیے اور ان کی اور اہلخانہ کی خیریت دریافت کی۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر سندھ عمران اسمٰعیل بھی کورونا وائرس کا شکار

علاوہ ازیں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے ٹوئٹ کیا تھا کہ دیرینہ ساتھیوں اسد قیصر، ان کے بیٹا اور بیٹی، گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور کورونا وائرس سے متاثر دنیا کے ہر انسان کے لیے دعا گو ہوں کہ اللہ تعالٰی انہیں جلد صحتیاب کرے۔

سیاسی رہنماؤں میں وائرس کی تشخیص

واضح رہے کہ پاکستان میں عام شہریوں کے علاوہ سیاسی رہنما اور سرکاری اداروں و محکموں سے وابستہ افراد بھی کورونا وائرس کا شکار ہو رہے ہیں۔

دو روز قبل تھرپارکر سے اقلیتوں کی مخصوص نشست پر منتخب رکن سندھ اسمبلی رانا ہمیر سنگھ میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

اسی روز ایوان بالا (سینیٹ) کے آزاد سینیٹر مرزا محمد آفریدی میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

سابق فاٹا سے تعلق رکھنے والے مرزا محمد خان آفریدی نے ایک بیان میں کہا کہ وہ گزشتہ ہفتے پشاور گئے تھے، جہاں انہوں نے مختلف علاقوں میں راشن بیگ تقسیم کیا تھا۔

مزید پڑھیں: سابق فاٹا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مرزا محمد آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار

انہوں نے بتایا کہ کچھ دن پہلے انہیں بخار اور جسم میں درد محسوس ہوا اور پھر انہوں نے 'حفاظتی اقدامات' کے طور پر اپنا ٹیسٹ کروایا، جس کا نتیجہ آج مثبت آگیا۔

27 اپریل کو سندھ کے گورنر عمران اسمٰعیل نے بھی خود میں وائرس کی تشخیص ہونے کی تصدیق کی تھی۔

سندھ سے جماعت اسلامی کے رکن صوبائی اسمبلی سید عبدالرشید 24 اپریل کو کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔

گزشتہ روز ان کے خاندان کے 8 افراد کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا تھا۔

سید عبدالرشید لیاری سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس-108 سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: رکن قومی اسمبلی،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی میں کورونا کی تصدیق

رواں ماہ ہی متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات و دیہی ترقی کامران بنگش بھی کورونا کی وبا کا شکار ہوئے۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ملک کے وہ پہلے سیاستدان تھے جن میں 23 مارچ کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، تاہم انہوں نے چند روز میں ہی صحتیاب ہوکر اپنی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھال لی تھیں۔

’رشی کپور‘ ایک دور جس کا اختتام ہوا

صحتیابی کے بعد لوگوں میں کورونا کی دوبارہ تصدیق کیوں؟ ممکنہ جواب سامنے آگیا

وسیم اکرم نے براہ راست میچ فکسنگ کی پیشکش کی تھی، سابق چیئرمین پی سی بی