کراچی: خاتون کے 'ریپ اور قتل' میں ملوث 4 ملزمان گرفتار
کراچی: ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جنوبی شرجیل کھرل نے کہا ہے کہ کلفٹن کے علاقے اپر گزری میں گھر میں ڈکیتی کے دوران 25 سالہ خاتون کے مبینہ ریپ اور قتل میں ملوث 4 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈی آئی جی جنوبی نے مزید کہا کہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے 4 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرکے اس بلائنڈ کیس کو حل کیا۔
اس حوالے سے ایک اور افسر سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) جنوبی عامر سعود مگسی نے کہا کہ مبینہ ڈکیت 13 اپریل کو کلفٹن پولیس اسٹیشن کی حدود میں اپر گزری کے علاقے میں واقع گھر میں داخل ہوئے تھے۔
ملزمان نے خاتون سے نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان چھینا اور مبینہ طور پر ان کا ریپ بھی کیا، خاتون کی جانب سے مزاحمت پر ملزمان نے ان کے سر پر کسی سخت چیز سے وار کر کرکے زخمی کردیا تھا۔
مزید پڑھیں: کرم ایجنسی: 5 سالہ بچی کے ریپ، قتل کے الزام میں مزید 9 افراد
خاتون کو سر میں شدید چوٹیں آئیں تھیں اور انہیں دہلی کالونی میں واقع ہسپتال لے جایا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں تھیں، جس کے بعد انہیں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر لے جایا گیا تھا جہاں لیڈی میڈیکو-لیگل افسر نے ان کا پوسٹ مارٹم کیا تھا۔
ایس ایس پی عامر سعود مگسی نے کہا کہ تحقیقات کے دوران مشتبہ ملزمان نے خاتون پر حملے کا اعتراف کیا۔
مزید یہ کہ پولیس نے ملزمان سے چھینا ہوا موبائل فون اور 30 ہزار روپے نقد بھی برآمد کرلیے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کو ماضی میں بھی مجرمانہ ریکارڈ تھا اور انہیں شہر کے مختلف پولیس اسٹیشنز میں مقدمات میں نامزد بھی کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: 12 سالہ لڑکی کو ریپ کے بعد 80 فٹ گہرے کنویں میں پھینک دیا
خیال رہے کہ ملک میں اس طرح کے واقعات کئی مرتبہ رونما ہوئے ہیں، گزشتہ برس نومبر میں جھنگ میں اینٹوں کے بھٹے پر کام کرنے والے مزدور کی کم عمر بیٹی کو مبینہ طور پر ریپ کر کے 80 فٹ گہرے کنویں میں پھینکنے کے الزام میں ایک نوجوان کو گرفتار کیا گیا تھا۔
اس سے قبل راولپنڈی میں ایک 18 سالہ چچا نے اپنی بھتیجی کو ریپ کا نشانہ بنانے کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کردیا تھا جبکہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔
ادھر کرم ایجنسی کے گاؤں پیوار میں اسکول جانے والی 5 سالہ بچی کی لاش تالاب سے ملی تھی، بعد ازاں یہ بات سامنے آئی تھی کہ بچی کو قتل سے قبل ریپ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
اس سے قبل کراچی کے علاقے ملیر میں پولیس نے 7 سالہ بچی کو دھمکی دے کر جھاڑیوں میں لے جاکر ریپ کا نشانہ بنانے کے الزام میں 16 سالہ لڑکے کو گرفتار کرلیا تھا۔