پاکستان مہلک کورونا وائرس پر جلد قابو پالے گا، چینی سفیر
پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ چنگ نے پاکستانی عوام کو ماہ رمضان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کورونا وائرس کے اس آزمائشی وقت میں چینی حکومت کی طرف سے پاکستان کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
رمضان المبارک کے حوالے سے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں چینی سفیر یاؤ چنگ نے کہا کہ رمضان کے مقدس ماہ کے آغاز پر میں اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس: ملک میں 12500سے زائد افراد متاثر، اموات 260 سے متجاوز
انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی چیلنجنگ وقت ہے اور پوری پاکستانی قوم نوول کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے۔
چینی سفیر نے کہا کہ اس آزمائش کی گھڑی میں چینی حکومت، چین کے عوام اور پاکستان میں مقیم چینی کمیونٹی وبا سے نمٹنے کے لیے پاکستانی عوام کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے وبا کی روک تھام کے لیے پاکستان کی حکومت اور عوام کو لاکھوں کی تعداد میں طبی حفاظتی ساز و سامان سمیت دیگر اشیا فراہم کی ہیں۔
یاؤ چنگ کا کہنا تھا کہ وائرس سے نمٹنے کے لیے کئی چینی طبی ماہرین پاکستانی طبی عملے کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں کورونا وائرس سے ایک اور ڈاکٹر کا انتقال
انہوں نے مزید کہا کہ میں اس نازک مرحلے پر اس مہلک وبا کے خلاف جدوجہد میں پاکستانی حکومت، طبی ماہرین اور عوام کی جانب سے کی جانے والی کوششوں اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
چینی سفیر نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر قیادت پاکستانی حکومت اور عوام اس مہلک وائرس کے چیلنج پر جلد قابو پالیں گے۔
یاؤ چنگ نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ میں پوری پاکستانی قوم کو اپنی مخلصانہ اور نیک خواہشات پیش کرنا چاہتا ہوں اور ایک صحت مند، محفوظ اور خوش آئند رمضان کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس نے دسمبر کے آخر میں چین کے شہر ووہان میں جنم لیا تھا اور اس وائرس سے چین میں 4ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ 80 ہزار سے زائد میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
مزید پڑھیں: بیرون ملک ہمارے طبی ماہرین 'یاران وطن' کے ذریعے تعاون کرسکتے ہیں، وزیراعظم
چین مکمل احتیاطی تدابیر کی بدولت اس وائرس پر قابو پانے میں کامیاب رہا لیکن یورپ، امریکا اور مشرق وسطیٰ میں یہ وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے۔
اب دنیا بھر میں ایک لاکھ 97 ہزار سے زائد افراد وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 28 لاکھ 26 ہزار افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکا میں ہوئی ہیں جہاں تقریباً 52 ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 8 لاکھ سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔