دنیا

کورونا وائرس: امریکا میں 50 ہزار ہلاکتیں، ترکی میں ایک لاکھ متاثرین

امریکا میں کیسز کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 86 ہزار 709 ہوگئی، نیویارک میں 20 ہزار861 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

کورونا وائرس سے دنیا کی بڑی معیشت کے حامل امریکا میں اموات کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور ترکی میں متاثرہ افراد کی تعداد بھی ایک لاکھ سے زائد ہوگئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کا ریکارڈ رکھنے والی ویب سائٹ ورلڈ میٹرز کے اعداد وشمار کے مطابق گوکہ امریکا میں گزشتہ چند ہفتوں کے مقابلے میں وائرس کے متاثرین کی تعداد میں کمی دیکھی گئی ہے لیکن اموات کی تعداد بڑھ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکا میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد 8 لاکھ 86 ہزار 709 ہوگئی ہے جن میں سے 85 ہزار 822 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں جولائی کے وسط تک کورونا متاثرین کی تعداد 2 لاکھ ہوسکتی ہے، ڈبلیو ایچ او

امریکا میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 50 ہزار 243 ہوگئی ہے جبکہ زیر علاج 7 لاکھ 50 ہزار 544 افراد میں سے 14 ہزار 997 کی حالت بدستور تشویش ناک ہے۔

نیویارک، امریکا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاست ہے جہاں کیسز اور اموات کی شرح دنیا کے اکثر ممالک سے بھی زیادہ ہے۔

اعداد وشمار کے مطابق نیویارک میں اب تک 2 لاکھ 68 ہزار 581 متاثرین ہیں جبکہ 20 ہزار 861 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں افریقہ اور ایشیائی برادری کے افراد کی ایک بڑی تعداد بھی شامل ہے۔

امریکی ریاست نیو جرسی میں بھی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 25 تک پہنچ گئی تاہم اموات کی شرح نیویارک کے مقابلے میں کم ہے اور اب تک 5 لاکھ 428 اموات ہوئی ہیں۔

مشی گن اور میسچیوسٹس میں بھی ہلاکتیں 2 ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں، جہاں بالترتیب 2 ہزار 977 اور 2 ہزار 360 افراد کی موت ہوگئی ہے اور متاثرین کی تعداد بھی زیادہ ہے۔

امریکا کی دیگر ریاستوں کیلیفورنیا میں 39 ہزار 555 کیسز اور ایک ہزار 530 اموات، پنسلوانیا میں 37 ہزار 53 متاثرین اور ایک ہزار 685 ہلاکتیں، الینوئس میں 36 ہزار 934 متاثرین اور ایک ہزار 685 ہلاکتیں، فلوریڈا میں 29 ہزار 648 کیسز اور 987 اموات، لوسیانا میں متاثرین کی تعداد 25 ہزار 739 اور اموات کی تعداد ایک ہزار 599 اور کنکٹیکٹ میں 23 ہزار 100 کیسز کے ساتھ ایک ہزار 639 اموات ہوئی ہیں۔

مزید پڑھیں:دنیا بھر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 26 لاکھ 67 ہزار سے زائد ہوگئی

امریکا کی دیگر ریاستیں بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں جہاں ہزاروں کیسز کے علاوہ ہلاکتوں کی تعداد بھی ہزاروں کے قریب پہنچ گئی ہے۔

ترکی میں ایک لاکھ کیسز

ترکی واحد مسلمان ملک ہے جہاں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

ورلڈ میٹرز کے مطابق مزید ہزاروں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ترکی میں کورونا وائرس کیسزکی مجموعی تعداد ایک لاکھ 790 ہوگئی ہے۔

گزشتہ روز ترکی میں 3 ہزار 116 نئے کیسز اور 115 اموات کی تصدیق کی گئی تھی۔

ترکی میں اب تک 2 ہزار 491 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور مزید ایک ہزار 816 افراد کی حالت بھی انتہائی خراب بتائی جارہی ہے۔

صحت یاب ہونے والے متاثرین کی تعداد 18 ہزار 491 ہے جبکہ 80 ہزار 808 افراد میں اس وقت وائرس موجود ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں چین میں پہلی مرتبہ رپورٹ ہونے والے کورونا وائرس سے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک سے سب سے زیادہ متاثرہ کیا ہے جس میں فرانس، اٹلی، برطانیہ، جرمنی اور اسپین جیسے ممالک شامل ہیں۔

دنیا بھر میں اب تک کورونا وائرس کی کیسز کی مجموعی تعداد 27 لاکھ 33 ہزار 503 تک پہنچ گئی جبکہ ایک لاکھ 91 ہزار 176 اموات کی تصدیق کی جاچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چین میں کورونا کے اصل مریض بتائی گئی تعداد سے 4 گنا زیادہ ہونے کا انکشاف

کورونا وائرس کے صحت یاب ہونے والے متاثرین کی تعداد بھی بڑھ کر 7 لاکھ 51 ہزار 276 ہوئی ہے۔

چین میں اس وقت کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آرہے ہیں لیکن اس کی شرح انتہائی کم رپورٹ ہورہی ہے اور گزشتہ ایک روز کے دوران 6 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

دنیا سے دو مہینوں سے زائد عرصے تک سفری رابطہ منقطع رکھنے اور دیگر سخت اقدامات کے باعث چین نے کورونا وائرس پر قابو پالیا جہاں کیسز کی مجموعی تعداد 82 ہزار 804 ہے۔

چین میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 4 ہزار 632 ہے تاہم اب 915 افراد میں وائرس موجود ہے اور زیرعلاج ہیں جن میں سے 57 کی حالت تشویش ناک ہے۔

مسلمانوں کو ’قربانی کا بکرا‘ نہ بنایا جائے، مائیک پومپیو

'فرقہ وارانہ وائرس' پھیلانے کے بیان پر سونیا گاندھی کی مودی پر تنقید

کورونا کے دنوں میں ’اونانا چیلنج‘ مقبول