سائنس و ٹیکنالوجی

کورونا وائرس: نیویارک میں بھی آن لائن شادیوں کی اجازت

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر شادیوں کے اجتماعات پر پابندی کے بعد آن لائن شادیوں کا رجحان بڑھ رہا ہے۔

کورونا وائرس کی وبا کے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر جہاں دنیا بھر میں شادیوں کے اجتماعات میں پابندی عائد کردی گئی ہے، وہیں اب کئی ممالک نے آن لائن شادیوں کو بھی قانونی درجہ دینا شروع کردیا ہے۔

اگرچہ کورونا وائرس سے قبل بھی لوگ آن لائن شادیاں کرتے تھے تاہم انہیں شادی کو رجسٹرڈ کروانے کے لیے سرکاری دفاتر میں لازمی حاضری لگانا پڑتی تھی مگر اب کورونا وائرس کی وبا کے باعث کئی ممالک نے شادی کرنے کے خواہش مند جوڑوں کو اس حاضری سے مستثنیٰ قرار دیا ہے۔

کورونا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے تحت جہاں انڈونیشیا سے لے کر بھارت تک جوڑے آن لائن شادیاں کر رہے ہیں، وہیں متحدہ عرب امارات سے لے کر لبنان اور نیویارک تک کی حکومتوں نے بھی شادی کے خواہش مند جوڑوں کو آن لائن شادیاں کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ذہنی صحت برقرار رکھنے کیلئے یو اے ای کا آن لائن شادیوں کا منصوبہ

جی ہاں، کورونا وائرس سے امریکا کی متاثرہ سب سے بڑی ریاست نیویارک کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ شادی کے خواہش مند افراد اب آن لائن شادیاں بھی کر سکتے ہیں۔

ریاست نیویارک کے گورنر نے اینڈریو کیومو نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ انہوں نے ایک ایگزیکٹو قانونی حکم نامے پر دستخط کردیے ہیں، جس کے تحت اب لوگ آن لائن شادی کے سرٹفیکیٹ بھی حاصل کرسکیں گے۔

انہوں نے اپنی مختصر ٹوئٹ میں بتایا کہ شادی کے خواہش مند جوڑے گھر بیٹھے آن لائن ویڈیوز کے ذریعے شادی کر سکیں گے اور ان کی خوشیوں میں آن لائن لوگ شرکت کر سکیں گے۔

اسی حوالے سے ٹیکنالوجی ادارے دی ورج نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ریاست کے گورنر نے شادی کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے سرکاری عہدیداروں اور مذہبی رہنماؤں کو اجازت دے دی ہے کہ وہ کسی بھی خواہش مند جوڑے کی آن لائن شادی کرادیں۔

مزید پڑھیں: لاک ڈاؤن کے باعث بھارت میں جوڑے نے آن لائن شادی کرلی

کورونا وائرس کے باعث نیویارک میں ہزاروں جوڑے شادیاں کرنے سے محروم ہوگئے تھے اور سرکاری دفاتر بند ہونے کی وجہ سے انہیں شادی کے سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں مشکلات درپیش آ رہی تھیں جس کے بعد گورنر نے ایک خصوصی حکم نامہ جاری کردیا۔

اب نئے حکم نامے کے تحت شادی کے خواہش مند جوڑے اپنے علاقے کے قریبی سرکاری دفتر سے آن لائن شادی کا سرٹفکیٹ حاصل کرنے سمیت کسی بھی مذہبی شخصیت سے اپنی شادی کی رسومات آن لائن ادا کروا سکیں گے۔

بھارت: لاک ڈاؤن میں بیوی کے میکے چلے جانے پر شوہر نے دوسری شادی کرلی

'دوسری بیوی کے پاس بھی جانا ہے، باہر نکلنے کی اجازت دی جائے'

کورونا وائرس: ماہرین صحت کا شادی شدہ جوڑوں کو اہم مشورہ