پاکستان

سندھ: مجموعی کیسز میں 75 فیصد مرد اور 25 فیصد خواتین ہیں، وزیراعلیٰ

10 سال سے کم عمر کے مریضوں کی تعداد 115 ہے جبکہ 21 سے 30 سال تک کی عمر کے 553 مریض ہیں، مراد علی شاہ
|

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کے مجموعی کیسز میں 75 فیصد مرد اور 25 فیصد خواتین ہیں جبکہ 153 کیسز ایسے ہیں جو 10 سال سے کم عمر کے بچوں میں سامنے آئے ہیں۔

صوبے میں کورونا وائرس سے متعلق اپنے ایک پیغام میں انہوں نے پہلے اعداد و شمار کے بارے میں بتایا اور کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہم نے 1600 مزید ٹیسٹ کیے جس کے بعد اب تک ٹیسٹ کیے گئے افراد کی تعداد 26 ہزار 58 ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مزید 227 افراد ان ٹیسٹ میں مثبت آئے جس کے بعد سندھ میں متاثرین کی تعداد 2764 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق اس کے علاوہ مقامی طور پر پھیلاؤ کے جو ہم نے ٹیسٹ کیے ہیں ان کی تعداد 171 ہے، جس میں کچھ اضلاع کی نشاندہی کرنا ضروری ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی کے متاثرہ علاقوں کو مکمل بند کیا جا سکتا ہے، مراد علی شاہ

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جو ہم نے مقامی طور پر منتقلی کے ٹیسٹ کیے ہیں ان میں سب سے زیادہ کراچی کے ضلع جنوبی میں 63 کیسز سامنے آئے، ضلع وسطی 32، ضلع شرقی 25، ضلع کورنگی 33، ضلع غربی میں 6 اور ضلع ملیر میں ایک کیس ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ خیرپور میں تبلیغی جماعت کے لوگوں میں 33، حیدرآباد میں 6، کشمور میں 4، جیکب آباد میں 8، لاڑکانہ میں 2، میرپورخاص میں 2، بینظیر میں 6، ٹنڈو محمد خان میں 8، تھرپارکر میں 4 اور جامشورو میں ایک کیس رپورٹ ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 10 افراد صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 635 ہے جو مجموعی کیسز کا 23 فیصد ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق 24 گھنٹوں میں 5 لوگوں کا انتقال ہوا جس کے بعد مجموعی اموات 61 ہوگئیں جو مجموعی کیسز کا 2.2 فیصد ہے۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2068 لوگ ہمارے پاس نگرانی میں ہیں، جس میں 59 ہوم آئیسولیشن اور 41 حکومتی کیئر میں ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 2764 مریضوں 75 فیصد مرد ہیں جبکہ خواتین مریضوں کی تعداد 699 ہے جو مجموعی تعداد کا 25 فیصد ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 10 سال سے کم عمر کے مریضوں کی تعداد 115 ہے جبکہ 11 تا 20 سال کے مریضوں کی تعداد 201 ہے۔

وزیراعلیٰ کے مطابق 21 تا 30 سال کے مریضوں کی تعداد 553 ہے جبکہ 31 تا 40 سال کے مریضوں کی تعداد 484 ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 41 سے 50 سال کے مریضوں کی تعداد 340، 51 تا 60 سال کے مریضوں کی تعداد 374، 61 تا 70 سال کے مریضوں کی تعداد 274 ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 71 تا 80 سال کے مریضوں کی تعداد 80 ہے، 81 تا 90 سال کے مریضوں کی تعداد 9 ہے جبکہ ایک مریض 91 تا 100 سال کی عمر کا بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جلد لاک ڈاؤن کرتے تو کئی جانیں بچا سکتے تھے، وزیر اعلیٰ سندھ

انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے مجموعی طور پر 4955 لوگوں کے نمونے لیے گئے جس میں سے 4793 کے حتمی نتائج آگئے ہیں، جس میں 658 مثبت آئے ہیں اور 4135 منفی ہیں جبکہ 161 کے نتائج کا انتظار ہیں جس کے نتائج آج آجائیں گے جبکہ ایک ضلع کے ٹیسٹ ہم نے دوبارہ لینے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کچھ ادارے اور صنعتیں کھل گئے ہیں لیکن ان مقامات پر سماجی فاصلوں کی ضرورت ہے جبکہ مساجد میں بھی باجماعت نماز میں احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کورونا وائرس کی وجہ سے ہوسکتا ہے آپ تو تندرستی سے نکل جائیں لیکن اگر آپ کسی کو متاثر کردیں اور خدانخواستہ اس سے اس کو تکلیف ہو یا جان چلی جائے تو اس کی ذمہ داری بھی آپ پر ہوگی۔

ترکی نے سعودی عرب، یو اے ای کے سرکاری خبر رساں ویب سائٹس پر پابندی لگادی

بھارت: ایک ہی دن میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 1553 نئے کیسز

’دیریلیش ارطغرل‘ یکم رمضان سے پی ٹی وی پر نشر ہوگا