پاکستان

کورونا وائرس کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز بھی شدید مندی

کاروبار کا آغاز مثبت رجحان سے ہوا مگر مارکیٹ ایک ہزار 268 پوائنٹس تک گر گئی تاہم دن کے اختتام پر معمولی بہتری آئی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں سرمایہ کاروں میں کورونا وائرس کے حوالے سے بے چینی کے باعث کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی شدید مندی کا رجحان جاری رہا اور ایک ہزار پوائنٹس کی کمی کے ساتھ کے ایس ای-100 انڈیکس 32 ہزار 650 پوائنٹس پر بند ہوا۔

اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز 33 ہزار 894 پوائنٹس پر مثبت رجحان سے ہوا لیکن یہ رجحان برقرار نہ رہ سکا اور مارکیٹ ایک وقت میں ایک ہزار 268 پوائنٹس تک گر گئی تاہم دن کے اختتام پر مارکیٹ میں معمولی بہتری آئی۔

تازہ مندی سے رواں برس 20 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی اور 13 جنوری کو حاصل ہونے والی بہترین سطح سے مزید 25 فیصد خسارہ ہوا ہے۔

مزید پڑھیں:اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، 100 انڈیکس 2400 سے زائد پوائنٹس گرگیا

اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ریسرچ ہیڈ علی اصغر پونا والا کہنا تھا کہ مارکیٹ کا رجحان وسیع طور پر خسارے کی جانب اشارہ ہے جس میں بینک اور سیمنٹ کا شعبہ سمیت دیگر کمپنیاں شامل ہیں جو عالمی سطح پر سپلائی میں رکاوٹوں کے باعث دباؤ کے زیر اثر ہیں اور مقامی سطح پر طلب میں کمی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کیسز میں اچانک اضافے سے ‘فوری طور پر مالی اور دیگر حوالوں سے مضبوط پالیسی پیش کرنے کی ضرورت پیش آئی’۔

علی اصغر پونا والا کہنا تھا کہ ‘ایک ایسی معیشت جو پہلی ہی سست روی کا شکار تھی بظاہر مزید نیچے گئی ہے’۔

انہوں نے مزید کہا کہ برآمد کنندگان کو دیے گئے آرڈرز منسوخ ہوگئے ہیں خاص کر یورپی یونین سے آنے والے آرڈرز شامل ہیں، جس کو کورونا وائرس کا نیا مرکز قرار دیا گیا ہے۔

کورونا وائرس سے معیشت پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دیگر ممالک بالخصوص چین سے سپلائی پر آنے والی رکاوٹوں سے اثرات مرتب ہوں گے اور اگلے چند ہفتوں تک یہ اثرات ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اسٹاک ایکسچینج شدید مندی کے بعد مثبت رجحان پر بند

خیال رہے کہ پی ایس ایکس میں گزشتہ روز کاروبار کا اختتام چار ماہ کی کم ترین سطح 2 ہزار 416 پوائنٹس کے ساتھ 33 ہزار 644 پوائنٹس پر ہوا۔

پیر کو جب کاروباری ہفتے کا آغاز ہوا تو مارکیٹ میں مندی کا رجحان دیکھا گیا اور کے ایس ای 100 انڈیکس ایک ہزار 651 پوائنٹس گر کر 34 ہزار 409 پوائنٹس پر پہنچ گیا تھا، جس کے بعد کاروبار کو کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا۔

بعد ازاں 45 منٹ تک کاروبار معطل رہنے کے بعد جب دوبارہ بحال ہوا تو بھی مارکیٹ میں مندی کا رجحان برقرار دیکھا گیا اور 11 بجکر 42 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس ایک ہزار 601 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 34 ہزار 459 پوائنٹس پر موجود رہا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک ہزار 682 پوائنٹس کی کمی کے بعد کاروبار کو روک دیا گیا تھا تاہم بعد ازاں مارکیٹ بند ہونے پر مثبت رجحان دیکھنے میں آیا تھا اور 100 انڈیکس میں 104.19 پوائنٹس کی بہتری دیکھی گئی تھی۔

مزید پڑھیں:ڈالر کی قدر 158 روپے 60 پیسے تک پہنچ گئی

اس سے قبل 12 مارچ کو بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا تھا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 4.53 فیصد یا ایک ہزار 707 پوائنٹس کی کمی پر بند ہوا تھا۔

علاوہ ازیں گزشتہ ہفتے کے آغاز یعنی 9 مارچ کو کاروبار شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد کے ایس ای 100 انڈیکس 2 ہزار 302 پوائنٹس گر گیا تھا جس کے باعث مارکیٹ سے 184 ارب روپے کا بھاری سرمایہ صاف ہوگیا تھا۔

سندھ حکومت کا ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز 15 روز کیلئے بند کرنے کا فیصلہ

ایل او سی: بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے سپاہی شہید

وزیر اعظم کورونا وائرس سے متعلق قوم کو اعتماد میں لیں گے، معاون خصوصی